کراچی۔23فروری (اے پی پی):وفاقی حکومت کی جانب سے ’’اڑان پاکستان‘‘کے عملی نفاذ اور اہداف کے حصول کے لیے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ باضابطہ مشاورت کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے کی پہلی مشاورتی ورکشاپ (کل) بروز پیر 24 فروری کو کراچی میں منعقد ہوگی جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر خزانہ و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ خطاب کریں گے۔
اجلاس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے جن میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم جاوید، صوبائی وزراء، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز، صنعت و تجارت کے نمائندے، میڈیا اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداران شامل ہیں۔اجلاس کے دوران مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے جن میں اسٹیک ہولڈرز اہداف کے حصول اور وفاقی و صوبائی حکومت کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کو یقینی بنانے کے لیے اپنی آراء پیش کرنے اور ’’اڑان پاکستان‘‘کے اہداف کے حصول پر تجاویز پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ورکنگ گروپس کی سفارشات اجلاس کے اختتام پر شرکاء کے سامنے پیش کی جائیں گی جس کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔مشاورتی ورکشاپ کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے جس میں ورکشاپ کی سفارشات، صوبے کی ترقی میں ’’اڑان پاکستان‘‘کے کردار اور مستقبل کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی جائے گی۔یہ مشاورتی عمل ’’اڑان پاکستان‘‘کے تحت ملک بھر میں اقتصادی ترقی، تعلیمی اصلاحات، صنعتی فروغ اور پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565131