27.1 C
Islamabad
منگل, مئی 6, 2025
ہومتازہ تریناگر ہندوستان نے جارحیت کی کوشش کی تو 25کروڑ عوام اپنے ملک...

اگر ہندوستان نے جارحیت کی کوشش کی تو 25کروڑ عوام اپنے ملک کے دفاع کے لئے تیار ہے، قومی اسمبلی اجلاس میں پاک بھارت صورتحال پر بحث جاری

- Advertisement -

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے ہندوستان کے فالس فلیگ آپریشن کو مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ اگر ہندوستان نے جارحیت کی کوشش کی تو 25کروڑ عوام اپنے ملک کے دفاع کے لئے تیار ہے، پہلگام دہشت گردی کی ایف آئی آر مودی اور گودی میڈیا پر بنتی ہے،پلوامہ ڈرامہ ،مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور پہلگام فالس فلیگ کا مقصد پاکستان کا پانی روکنے کے لئے تھا، اگر ہندوستان نے مزید کوئی ایسی حرکت کی تو یہ جنگ ہندوستان کے اندر جاکے لڑیں گے۔منگل کو قومی اسمبلی اجلاس میں پاک بھارت موجودہ صورتحال پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئےایم این اے اسد نیازی نے کہا کہ بھارتی حکومت نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل ایسی کارروائیاں کی ہیں اور حالیہ واقعہ پہلگلام بھی وزیر اعظم مودی کی پاکستان کو الزام دینے کی ایک سیاسی حکمت عملی ہے،

یہ رویہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، بھارت اپنی مرضی سے اس معاہدے کو معطل نہیں کر سکتا، ورلڈ بینک اس معاہدے کا ایک دستخط کنندہ ہے۔ایم این اے اسد نیازی نے کہا کہ اگر بھارت نے کوئی تجاوز کی کوشش کی تو مسلح افواج جواب دینے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ایم این اے اعجاز الحق نے تمام سیاسی جماعتوں کی وحدت کو سراہا جب انہوں نے ایک قرار داد پاس کر کے پہلگام واقعے کی مذمت کی اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی حمایت کی۔

- Advertisement -

انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے سے جاری کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جب بھی تجاوز کی کوشش کی، پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ مضبوط اور موثر جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے ہمیشہ قوم کا دفاع کیا ہے اور بھارت کی کسی بھی تجاوز کو پسپا کیا ہے۔جمعیت علماء اسلام (ف) کے ایم پی اے عبدالغفور حیدری نے کہا کہ نریندر مودی اگلے الیکشن کی تیاری کے لئے اس طرح کی حکمت عملی بنا رہا ہے کیونکہ وہ بھارت میں ہندومت کو فروغ دے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے کہا کہ ہندوستان کا پہلگام فالس فلیگ ماضی کے ایسے آپریشنز کی طرح جھوٹا ثابت ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانی کے لئے پاکستان ہر حد تک جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خون کی ندیاں بہا کر اسرائیل بننے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہندوستان کے ساتھ اب تک 4 جنگیں ہوئی ہیں جس کے پیچھے فالس فلیگ آپریشن شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اس صورتحال میں پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے ضرورت اس امر کی کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں بہنے والے خون کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کہا کہ یہ وقت ایک دوسرے پر تنقیدیا کیچڑ اچھالنے کا وقت نہیں ،حکومت اور اپوزیشن کو اس نازک صورتحال میں حکمت کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 400کلومیٹر دور پہاڑ پر ایک دہشت گردی ہوتی ہے سکیورٹی فورسز ڈیڑھ گھنٹے بعد پہنچتی ہے لیکن ایف آئی آر 10 منٹ کے بعد ہو جاتی ہے دنیا میں ایسی حماقت کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے ایوان میں کھڑے ہو کر مودی اور اس کے بکے ہوئے میڈیا کے جھوٹ کو مسترد کیا اور اعلان کیا کہ اگر پاکستان پانی نہ کھولا گیا تو پاک فوج کے ساتھ عوام بھی جنگ کے لئے تیار ہے۔ایم این اے صبا صدق نے کہا کہ مودی اور اس کے چیلوں کو چاہئیے کہ وہ اپنی ناکامی کا اعتراف کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج، حکومت اور سیاسی قیادت یکجا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے ذاتی مفادات کے لئے لوگوں کو مارنے پر مودی پر قتل کی ایف آئی آر ہونی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بہت مضبوط ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے روٹھے ہوئے دوست ممالک کو راضی کیا اور آج مشکل وقت کی وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ۔پاکستان پیپلز پارٹی کی ایم این اے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ہندوستان نے ایک جھوٹ کو بنیاد بنا کر پاکستان پر الزام لگایا۔بھارت کی چکی ہوئی میڈیا پروپیگنڈے میں پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ ڈرامہ ،مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور پہلگام فالس فلیگ کا مقصد پاکستان کا پانی روکنے کے لئے تھا۔پانی روکنے کا مطب جنگ ہے،پاکستان اپنا پانی کسی کو روکنے نہیں دے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخر میں الیکشن ہونے والے ہیں وہ الیکشن جیتنے کے لئے اپنے لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناتا ہے۔

ایم کیو ایم کے ایم این اے حفیظ الدین نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور345 کے بعد مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے ہندوستان نے اپنا اثرورسوخ بڑھانے کی کوشش کی لیکن وہ یہ بھی جانتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جب سے بنا ہے وہ کسی نہ کسی زاویہ سے پاکستان پر جنگ مسلط ہوتی آرہی ہے۔اگر ہندوستان یہ سمجھتا ہے وہ ہمیں مزید آزمانا چاہتا ہے تو وہ سن لے کہ پاکستان کی 25 کروڑ عوام اپنے ملک کا تحفظ کرنے کے لئے تیار بیٹھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ،اسرائیل کی طرز پر مسلمانوں کو ختم کرنا چاہتا ہے لیکن دونوں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔پاکستان مسلم لیگ ن کی ایم این اے طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ آج ایک مرتبہ پھر ہندوستان نے 26کروڑ پاکستانیوں کو للکارا ہے، یہ کیسا دہشت گردی کا واقعہ ہے کہ سکیورٹی فورسز ڈیڑھ گھنٹے بعد پہنچتی ہے لیکن ایف آئی آر بغیر کسی تحقیق کے 10 منٹ بعد ہو جاتی ہے، اگر انکوئری ہوتی تو ایف آئی آر سیدھی مودی پر ہوتی ہے

کیونکہ یہ ان کی اپنی واردات تھی۔پی ٹی آئی کے ایم این اے اسلم گھمن نے کہا کہ ہندوستان اپنی سکیورٹی ناکامی کا اعتراف کرنے کی بجائے ہر مرتبہ پاکستان پر الزام لگاتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان نے مزید کوئی ایسی حرکت کی تو یہ جنگ ہندوستان کے اندر جاکے لڑیں گے۔ ہندوستان کے اندر بہت سی تحریکیں چل رہی ہے وہ ہی انھیں توڑنے کے لئے کافی ہے۔ایم این اے آسیہ اسحاق صدیقی نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی قوت ہونے کے باوجود ہمیشہ صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ پاکستان کا دفاع، استحکام اور سلامتی کے لئے 25کروڑ عوام تیار بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کیا اور کرتا رہے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593294

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں