اگلی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، غلام سرور خان

86
بین الاقوامی اداراہ برائے سول ایوی ایشن کی جانب سےعائد پابندیاں اٹھا لی گئیں،وہ ممالک جہاں پر پابندیاں تھیں امید ہے وہاں فروری مارچ میں فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع ہو جائے گا،غلام سرور

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ اگلی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے،ہم اپنے حلقے کے بچیوں کے تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کر رہے ہیں، بیرون ممالک میں بیٹھ کر ملک اور ملکی ادروں کے خلاف بات کرنے والوں کی اس ملک میں کوئی جگہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو حلقہ این اے 63  یونین کونسل واہ میں عسکری سیمنٹ فیکٹری روڈ کی بحالی و تعمیر کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جلسے سے ایم این اے منصور حیات خان, ایم پی اے عمار صدیق خان اور ملک عظمت محمود نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر نے یونین کونسل واہ میں 2.45 کلو میٹر عسکری سیمنٹ فیکٹری روڈ کی بحالی و تعمیر کا افتتاح بھی کیااس منصوبے پر 9 کروڑ 95 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو 12 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے یونین کونسل واہ میں واقع مزار کالونی میں بچیوں کے سکول کا بھی افتتاح کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اگلی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے اور ہم اپنے حلقے کے بچیوں کے تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میرا لیڈر  اپنے ساتھ کسی بد دیانت کو برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوںنے کہا کہ بیرون ممالک میں بیٹھ کر ملک اور ملکی ادروں کے خلاف بات کرنے والوں کی اس ملک میں کوئی جگہ نہیں ۔

وفاقی وزیر نے حلقہ کے عوام کو یقین دلایا کہ علاقے کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کروں گا، عوام سے کئے گئے وعدے ہر صورت پورے کرنے کا عزم لے کر میدان سیاست میں آیا ہوں، سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتا ہوں اور عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حلقے میں سڑکوں کے جال بچھا دیں گے ، حلقے کے تمام علاقوں میں بجلی گیس جیسی بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔