اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے،نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر

135
مانسہرہ

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، اس سے ملحقہ نشیبی علاقے ممکنہ اثرات کے زیرِ اثر آسکتے ہیں۔علاوہ ازیں ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواوں، آندھی و گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق تیز آندھی و گرج چمک سے کمزور اور خستہ حال بجلی کے کھمبوں، سولر پینل، بل بورڈز، اونچے درختوں یا زیر تعمیر عمارتی ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں اور محکموں کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں ایمرجنسی عملہ و مشینری بشمول ڈی واٹرنگ پمپس کی فراہمی یقینی بنائیں۔انتظامیہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے انڈر پاس اور نشیبی سڑکوں سے نکاسی آب آپریشن کے دوران مثبث ٹریفک پلان کو یقینی بنائے۔

متعلقہ ضلعی انتظامیہ اسٹاک ٹیکنگ کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کی انتظامیہ 20 جولائی تک متوقع امکانات کے حوالے سے حساس علاقوں بالخصوص دریائے چناب پر تریموں اور دریائے راوی پر جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب دریائے چناب، راوی، ستلج اور منسلک نالوں کے گرد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو بروقت اطلاع دیتے ہوئے انخلاء کو یقینی بنائے۔ اسی طرح ریسکیو سروسز، افواج پاک، متعلقہ علاقوں میں متحرک این جی اوز ایمرجنسی عملہ/مشینری اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کیلئے تیار رہیں۔