اہداف حاصل کرنے کیلئے زائد بلنگ یا کوئی غیر منصفانہ طریقہ اختیار نہ کیا جائے، وفاقی وزیر عمر ایوب خان

65

اسلام آباد۔ 16 نومبر (اے پی پی) پاور ڈویژن نے 6 ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو بجلی کے موجودہ واجبات کی سو فیصد وصولی، مالی سال 2018-19ءکیلئے پرانے واجبات کی وصولی اور بجلی کے شعبہ کے مالی وسائل کو بہتر بنانے کیلئے 83 ارب 20 کروڑ روپے اضافی وصول کرنے کا ہدف دےدیا۔ یہ فیصلہ جمعہ کو وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری پاور ڈویژن عرفان علی، پیپکو کے حکام، متعلقہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور پاور ڈویژن کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پرانے واجبات کو 31 اکتوبر 2018ءکی تاریخ تک منجمد کرنے اور نیپرا کے اہداف کے مطابق لائن لاسز میں کمی لانے اور موجودہ بلوں کی سو فیصد وصولی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر پاور ڈویژن نے تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی کہ بجلی کی چوری کا خاتمہ کیا جائے، بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف پنجاب اور خیبرپختونخوا میں قائم صوبائی ٹاسک فورس کی مدد سے سخت کارروائی کی جائے۔ سیکرٹری پاور ڈویژن نے ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ نادہندگان کنڈے کے ذریعے بجلی استعمال نہ کر سکیں اور بلاخوف اور بلالحاظ آپریشن تیز کیا جائے۔