موغادیشو۔15مارچ (اے پی پی):صومالیہ کے وزیر خارجہ احمد معلم فقی نے اہل غزہ کو اپنے ہاں آباد کرنے کا منصوبہ مسترد کردیا۔ العربیہ اردو کے مطابق صومالی وزیر خارجہ احمد معلم فقی نے زور دے کر کہا کہ ان کا ملک کسی بھی فریق کی طرف سے کسی بھی تجویز یا اقدام کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے جس سے فلسطینی عوام کے اپنی سرزمین پر امن سے رہنے کے حق کو نقصان پہنچے۔انہوں نے کہا کہ صومالی حکومت کو ایسی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی۔
موغادیشو کسی بھی ایسے منصوبے کی مخالفت کرتا ہے جس میں دیگر رہائشیوں کو دوبارہ آباد کرنے کے لیے صومالی زمینوں کا استعمال شامل ہو۔صومالی لینڈ کے وزیر خارجہ عبد الرحمن ظاہر ادان نے کہا ہے کہ مجھے اس حوالے سے کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی فلسطینیوں کے حوالے سے کسی سے کوئی بات چیت ہوئی ہے۔واضح رہے امریکی اور اسرائیلی حکام نے اعلان کیا تھا کہ فلسطینیوں کو آباد کرنے کے حوالے سے مجوزہ تین ممالک سوڈان، صومالیہ اور صومالیہ کے الگ ہونے والا خطہ صومالی لینڈ ہے۔تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ ان بات چیت کا کیا نتیجہ نکلا یا اس حوالے سے کس حد تک پیشرفت حاصل ہوئی۔
دوسری جانب سوڈانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اس اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔یہ لیکس غزہ کی پٹی کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے امریکا اوراسرائیل کے عزم کی عکاسی کر رہی ہیں۔ اس منصوبے کی عرب اور بین الاقوامی سطح پر بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی ہے۔ یہ تینوں علاقے، جن میں غربت اور عدم استحکام کی شرح بھی زیادہ ہے، غزہ کے فلسطینیوں کو خوبصورت علاقوں میں آباد کرنے کے ٹرمپ کے سابق اعلان کردہ ہدف کے بارے میں بھی شکوک و شبہات پیدا کر رہے ہیں۔
یاد رہے حالیہ دنوں امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سابق منصوبے سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ غزہ کے فلسطینیوں کو کوئی بھی غزہ چھوڑنے پر مجبور نہیں کرے گا۔دریں اثنا انتہائی دائیں بازو کے اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے گزشتہ اتوار کو اس بات پر زور دیا تھا کہ ٹرمپ کے غزہ پر قبضہ کرنے اور اس کے لوگوں کو ملک بدر کرنے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام جاری ہے اور مغربی کنارے میں بڑے پیمانے پر آباد کاری کی توسیع بھی کی جا رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572867