اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) پاکستان سکواش فیڈریشن کے 46 ویں سالانہ جنرل کونسل اجلاس میں ایئر وائس مارشل عامر مسعود کو متفقہ طور پر پاکستان سکواش فیڈریشن کا سینئر نائب صدر منتخب کر لیا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، جو پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں، نے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر سکواش کے عظیم کھلاڑی قمر زمان ، صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے نمائندے اور پاکستان سکواش فیڈریشن کے ممبران بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران فیڈریشن کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سکواش کے کھیل سے متعلق تمام پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ جنرل کونسل کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے سکواش کے فروغ کیلئے پاک فضائیہ کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ پاکستان میں بین الاقوامی سکواش کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے صوبائی سکواش ایسوسی ایشنز پر زور دیا کہ وہ سکواش کے کھیل کے فروغ کیلئے مربوط کوشش کریں۔