ایئر چیف مارشل اور پی ایس ایف کے صدر مجاہد انور کی قومی ٹیم کو ایشین جونیئر سکوائش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد

100

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) ایئر چیف مارشل اور پاکستان سکوائش فیڈریشن (پی ایس ایف) کے صدر مجاہد انور خان نے قومی ٹیم کو ایشین جونیئر سکوائش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ پاکستانی ٹیم نے تھائی لینڈ میں منعقدہ انیسویں ایشین جونیئر ٹیم سکوائش چیمپئن شپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو زیر کر کے ایشین چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اتوار کو پی ایس ایف کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایئر چیف مارشل اور پی ایس ایف کے صدر مجاہد انور نے ایشین جونیئر سکوائش چیمپئن شپ میں ٹیم کی غیرمعمولی کارکردگی کی تعریف کی اور انہوں نے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت دینے پر کوچنگ سٹاف اور فیڈریشن کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو ہرا کر ایشین جونیئر ٹیم سکوائش چیمپئن شپ کا ٹائٹل حاصل کیا جو کہ نہ صرف فیڈریشن بلکہ پوری قوم کیلئے باعث فخر لمحہ ہے، امید ہے کہ کھلاڑی مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کیلئے مزید اعزازات جیتیں گے۔