اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):ایئر یونیورسٹی اسلام آباد میں نویں پروقار تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف آف ایئر سٹاف پاکستان فضائیہ اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز ایئر یونیورسٹی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور فارغ التحصیل ہونے والے کامیاب طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔
پانچ نشستوں پر محیط دو روزہ تقریبِ تقسیمِ اسناد جس میں تقریباً اڑھائی ہزار فارغ التحصیل طلباء و طالبات میں سے 1700 نے شرکت کی اور اپنی ڈگریاں وصول کیں۔ شرکاء سے خطاب میں مہمانِ خصوصی ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے کامیاب طلباء و طالبات کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی نے تعلیم و تحقیق اور جدید تکنیکی مہارت پر مبنی ابھرتے شعبہ جات سے متعلق پاک فضائیہ کی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی اور ایئر یونیورسٹی کو ان شعبہ جات میں پاکستان ائیر فورس کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
وائس چانسلر ائیر یونیورسٹی ائیر مارشل جاوید احمد (ر) نے تقریب میں خصوصی شرکت پر ایئر چیف کا شکریہ ادا کیا اور جدید تعلیم و تحقیق کے میدان میں ایئر یونیورسٹی کی ان گنت کاوشوں اور کامیابیوں سے انہیں آگاہ کیا۔