ایبٹ آباد۔ 6 مئی (اے پی پی):ایبٹ آباد کے سرکل بکوٹ کے 14 چیئرمینوں نے سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی اور سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار فرید کی موجودگی میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا، بلدیاتی الیکشن 2024ءمیں سرکل بکوٹ کے ان 14 امیدواروں نے آزاد امیدوار کی حمایت کی تھی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ جاوید عباسی نے تمام چیئرمینوں کو مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکل بکوٹ کی سیاسی تاریخ میں یہ ایک نیا باب ہو گا، یہ شمولیت نہ صرف جماعت کی مضبوطی کا ثبوت بنے گی بلکہ عوامی خدمت کے عزم کی تجدید بھی ہے، ہم سب پاکستان اور عوام کےلئے ایک ہیں۔
پارٹی میں شامل ہونے والے نئے چیئرمینوں میں سردار سیف اﷲ عباسی، چیئرمین لالا امتیاز عباسی، چیئرمین انعام عباسی، حافظ احمد حسین عباسی، چیئرمین طاہر عباسی، چیئرمین صادق عباسی، چیئرمین جان محمد، چیئرمین محمد بابو عباسی، چیئرمین شوکت عباسی، چیئرمین ہارون عباسی، چیئرمین عالم زیب عباسی، چیئرمین سردار بابر اشرف اور چیئرمین زراب عباسی شامل تھے۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ سابق ناظم راجہ ممتاز الرحمٰن عباسی، جنرل سیکرٹری ضلع ایبٹ آباد ضیافت عارف ستی، ندیم عباسی، شعیب فاضل عباسی اور دیگر حضرات کی مسلسل محنت اور انتھک کوششوں کی وجہ سے سب دوبارہ ایک پلیٹ فارم پر اتفاق، یکجہتی اور اخلاص کے ساتھ متحد ہو چکے ہیں، اس کے ساتھ سرکل بکوٹ کے ان نوجوان مسلم لیگی شیروں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کےلئے لگن، قربانی اور وفاداری کا ثبوت دیا۔
پارٹی میں شامل ہونے والے تمام چیئرمینوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ ہم سب مسلم لیگ (ن) کے ورکرز بن کر صوبائی صدر انجینئر امیر مقام اور صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی کی قیادت میں مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، ہم پہلے سے بڑھ چڑھ کر پارٹی قائدین اور پارٹی ورکروں کے ساتھ مل کر پارٹی کو ایک مضبوط قوت بنائیں گے اور ورکروں کو فعال کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انشاءﷲ ایبٹ آباد کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا دوبارہ سے گڑھ بنائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593129