ایبٹ آباد، کولئی پالس اور اپر کوہستان میں 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے حوالہ سے جرگہ کاانعقاد

70

ایبٹ آباد۔ 27 مئی (اے پی پی):کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت لوئر کوہستان، کولئی پالس اور اپر کوہستان میں 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن سے متعلق مسائل کے حل کے سلسلے میں ایک جرگہ منعقد کیا گیا۔ اس جرگے میں کوہستان کے تینوں اضلاع کے ممبرقومی اسمبلی، ممبران صوبائی اسمبلی، ڈپٹی کمشنرز، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے جنرل منیجر اور ان کی ٹیم نے شرکت کی اور تفصیلی بریفنگ دی۔گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ نے مقامی عمائدین کو آگاہ کیا کہ 12 دسمبر 2022 کے معاہدے میں شامل تمام مقامی ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔ تقریباً 50 فیصد مختص فنڈز واپڈا کی جانب سے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔

کمشنر نے وضاحت کی کہ 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن پر کام روکنا داسو ڈیم کی پیش رفت کو متاثر کرے گا، جو ملک کی ساکھ اور ترقی پر منفی اثر ڈالے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل ملکی معیشت کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے ۔گزشتہ چند ماہ سے رکا ہوا کام دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ایم این اے، ایم پی ایز اور جرگہ کے اراکین نے یقین دہانی کروائی کہ وہ کسی صورت کام کو نہیں روکیں گے اور نہ ہی کسی اور کو ایسا کرنے دیں گے۔کمشنر ہزارہ ڈویژن نے ہدایت کی کہ واپڈا فوری طور پر ایسے ایل اے ڈی پی منصوبوں پر کام شروع کرے جو مکمل طور پر تیار ہیں تاکہ اعتماد سازی کا عمل آگے بڑھ سکے۔

انہوں نے جرگہ کے عمائدین کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ہر پندرہ دن بعد اپنے دفاتر میں منصوبہ جات کے جائزہ اجلاس منعقد کریں گے، جبکہ وہ خود ہر ماہ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں کوہستان کے ایم این اے، ایم پی ایز اور تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شریک ہوں گے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو یہ بھی ہدایت کی کہ منصوبہ جات کی پیش رفت سے عوام کو آگاہ رکھنے کے لیے اپنے دفاتر کے باہر بورڈز پر تازہ ترین معلومات آویزاں کریں۔آخر میں تمام شرکاء نے منصوبہ کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

عمائدین نے اپنے اس عہد کو دہرایا کہ وہ منصوبوں کی بروقت تکمیل میں مکمل تعاون کریں گے، کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے اور مسائل کو پُرامن طریقے سے حل کرنے کو ترجیح دیں گے۔