ایبٹ آباد۔ 13 مارچ (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے بنیادی مرکز صحت نواں شہر کا دورہ کر کے حاضری اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کے مطابق حکومتی ہدایات پر ہیلتھ سروسز کی فراہمی میں بہتری کے حوالے سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
جمعرات کے روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ہیومن رائیٹس امان اللہ سعید نے بنیادی مرکز صحت نواں شہر کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم سہولیات،ادویات کی فراہمی،سٹاف کی حاضری اور صفائی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے مسائل بھی دریافت کیے اور میڈیکل سٹاف کو سروسز کی فراہمی میں بہتری کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صحت کی زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572162