ایبٹ آباد کنٹونمنٹ بورڈ کی 10 نشستوں میں سے تحریک انصاف 4 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ‘مسلم لیگ (ن) 3، پیپلز پارٹی 1 اور دو آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کرلی‘غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج

163

ایبٹ آباد۔ 12 ستمبر (اے پی پی):کنٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد کے 10 وارڈز میں ہونے والے انتخابات میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف 4 نشستوں کے ساتھ سرفہرست رہی، مسلم لیگ (ن) 3، پیپلز پارٹی1 اور دو آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کر لی۔

کینٹ بورڈ ایبٹ آباد کےریٹرننگ آفیسر عامر برقی کے مطابق ایبٹ آباد کے 10 وارڈ میں وارڈ نمبر ایک سے تحریک انصاف کے ناصر سلیمان عباسی، وارڈ دو سے آزاد امیدوار واجد خان جدون، وارڈ تین سے مسلم لیگ (ن) کے ذوالفقار علی بھٹو، وارڈ چار سے مسلم لیگ (ن) کے بیدار بخت خان عرف فقیرا خان، وارڈ پانچ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے فواد علی جدون، وارڈ چھ سے پاکستان تحریک انصاف کے قاضی احتشام الحق، وارڈ سات سے آزاد امیدوار دلاور خان، وارڈ آٹھ سے پاکستان تحریک انصاف کے دانیال خان جدون، وارڈ نو سے پاکستان تحریک انصاف کے محمد ہارون اور وارڈ 10 سے مسلم لیگ (ن) کے نبیل اشرف نے کامیابی حاصل کی۔

کنٹونمنٹ وارڈ کے الیکشن میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہی، تمام وارڈ میں پولنگ کا عمل پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ حساس قرار دیئے جانے والے 11 پولنگ سٹیشنوں پر بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق وارڈ نمبر1 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ناصر سلیمان عباسی نے 454 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے سردار جاوید نے 193 ووٹ حاصل کئے، وارڈ نمبر 2 سے آزاد امیدوار واجد خان نے 730 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے تیمور خالد نے 693 ووٹ حاصل کئے۔

وارڈ نمبر 3 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ذوالفقار علی بھٹو نے 537 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار خاور خان نے 519 ووٹ حاصل کئے۔ وارڈ نمبر 4 سے مسلم لیگ (ن) کے بیدار بخت خان عرف فقیرا خان 1557 لیکر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار نزاکت خان نے 1094 ووٹ حاصل کئے، وارڈ نمبر 5 سے پیپلز پارٹی کے فواد علی جدون سے 635 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل فہیم گل اعوان نے 559 ووٹ حاصل کئے۔

وارڈ نمبر 6 سے پی ٹی آئی کے امیدوار قاضی احتشام 418 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے اعجاز گل نے 220 ووٹ حاصل کئے۔

وارڈ نمبر 7 سے آزاد امیدوار دلاور خان نے 711 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار واصف افتخار صرف 266 ووٹ حاصل کر سکے۔

وارڈ نمبر 8 سے پی ٹی آئی کے دانیال خان جدون نے 595 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مخالف امیدوار مسلم لیگ (ن) کے محمد ارشد نے 423 ووٹ حاصل کئے۔ وارڈ نمبر 9 سے پی ٹی آئی کے ملک ہارون خان نے 732 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے سجاد اختر نے 594 ووٹ حاصل کئے۔

وارڈ نمبر 10 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نبیل اشرف تنولی 1089 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل اعجاز احمد خان نے 954 ووٹ حاصل کئے۔

اسی طرح غیر حتمی اور سرکاری نتیجہ کے مطابق حویلیاں وارڈ نمبر1 سے پی ٹی آئی کے امیدوار باسط خان جدون 1237 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے جبکہ ان کے مدمقابل رحمت علی تنولی 634 ووٹ اور تحریک لبیک کے سلطان خان 164 ووٹ حاصل کر سکے۔

اسی طرح حویلیاں وارڈ نمبر2 سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سردار سید اکثر نے 1086 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے بابر خان نے 946، آزاد امیدوار 894 جبکہ تحریک لبیک کے عرفان رضوی نے 247 ووٹ حاصل کئے۔