تہرا ن ۔30جون (اے پی پی):ایران کے شہر تبریز میں آئل ریفائنری کے علاقے میں ایک نائٹروجن گیس سے بھرا ٹینک دھماکے سے پھٹ گیا۔ا لعربیہ نے ایران کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ جبکہ ریفائنری کا کام بھی معمول کے مطابق جاری ہے۔اس واقعے سے کچھ دیر پہلے تبریز سے ہی سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ تبریز میں دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ییں۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ اس گولہ بارود کے دھماکے تھے جو اسرائیلی بمباری کے دوران گرنے کے باوجود پھٹ نہ سکا تھا۔ایرانی سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکے اس گولہ بارود کو تلف کرنے کے دوران ہوئے ہیں مگر کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ان اسرائیلی ہتھیاروں کو تلف کرنے کا کام مکمل حفاظتی انتظامات کے ساتھ سیکورٹی حکام کی نگرانی میں کیا جارہا ہے اس لیے شہری پریشان نہ ہوں۔