تہران ۔ 20 اگست (اے پی پی) ایران اور بھارت کے درمیان فرزاد بی گیس فیلڈ کے ترقیاتی منصوبے کے بارے میں مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ یہ بات ایران کی پارس آئل اینڈ گیس کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر علی اکبر شعبان پور نے بھارتی آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ طے پایا ہے کہ آئندہ ستمبر تک دونوں کمپنیوں کے ماہرین متعلقہ معاملات پر غورو خوص کرنے کے بعد فرزاد بی گیس فیلڈ کے ترقیاتی منصوبے کو حمتی شکل دے دیں گے۔ علی اکبر شعبان پور نے ایرانی اور بھارتی وفود کے درمیان مذاکرات کو سود مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں بھارتی پیشکش کا جائزہ لیا گیا اور دونوں ملکوں کے ماہرین نے منصوبے کے دیگر معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں ایران کی نیشنل آئل اینڈ گیس کمپنی کے ڈائریکٹر انویسٹمنٹ نے بھی شرکت کی