ایران اور عراق کو باہمی تجارت بڑھا کر 20 ارب ڈالر کی سطح پر لانی چاہیے، صدر حسن روحانی

121

تہران ۔ 7 اپریل (اے پی پی) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران اور عراق کو گیس اور بجلی کے شعبے میںاپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے باہمی تجارت کو بڑھا کر 20 ارب ڈالر کی سطح پر لانا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی سے ملاقات کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا۔حسن روحانی نے کہا کہ عراق کو بجلی اور گیس کی برآمد جاری رہنے کے ساتھ ساتھ تیل کی برآمد بھی جاری رہنے کا امکان ہے اور ہم اس کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری یہ پیش کش صرف عراق کے لیے ہی نہیں بلکہ خطے کے دوسرے ملکوں کے لیے بھی ہے۔ایرانی صدر نے کہا کہ عراق کے ساتھ تجارت کو بڑھا کر 20 ارب ڈالر تک لے جانے کا منصوبہ توقع ہے کہ جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگا، فی الوقت دونوں ملکوں کا باہمی تجارتی حجم 12 ارب ڈالر ہے۔صدر روحانی نے امید ظاہر کی کہ ایران اور عراق کے درمیان ریلوے لائن کی تعمیر کا کام آئندہ چند ماہ میںشروع ہوجائے گا۔یاد رہے کہ امریکا نے عراق کو مارچ میں ایران سے بجلی اور توانائی کی دیگر ضروریات کے حصول کے لیے پابندی سے چھوٹ میں مزید 90 روز کی توسیع دے دی تھی۔