تہران ۔ 10 اگست (اے پی پی) ایران بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کے فنی اور اقتصادی جائزے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ایران کی گیس برآمد کرنے والی قومی کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر علی رضا کاملی نے بتایا کہ بھارت نے بعض یورپی کمپنیوں کے ساتھ مل کر مذکورہ منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد بتایا ہے کہ یہ منصوبہ عملی طور پر انجام پا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14سو کلومیٹر طویل یہ گیس پائپ لائن بعض مقامات پر سمندر کی گہرائی میں3ہزار5 سو میٹر اندر پچھائی جائے گی اور دنیا میں یہ کام پہلی بار انجام پائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایران کی قومی تیل کمپنی نے بھارت کو قدرتی گیس کی منتقلی کے لیے3 راستوں پر مطالعاتی کام کیا جس کے دوران گہرے ، کم گہرے اور خشک اور ساحلی علاقوں سے مذکورہ پائپ لائن کو گزارنے کا جائزہ لیا ہے۔ایران کی گیس برآمد کرنے والی قومی کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ گیس پائپ لائن بچھانے کا کام1 بھارتی کمپنی انجام دے گی۔ گیس کے عظیم ذخائر اور اپنی جغرافیائی پوزیشن کے باعث ایران، بھارت سمیت خطے کے ملکوں کی توانائی کی ضرورتیں پوری کر سکتا ہے۔