ایس او ایس چلڈرن ویلج جیسے اداروں میں آکرانسان اور پرسکون ہو جاتا ہے،بیگم ثمینہ عارف علوی

179
ایس او ایس چلڈرن ویلج جیسے اداروں میں آکرانسان اور پرسکون ہو جاتا ہے،بیگم ثمینہ عارف علوی

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ ایس او ایس چلڈرن ویلج جیسے اداروں میں آکرانسان اور پرسکون ہو جاتا ہے،یہاں پر باقاعدہ گھر،ماں اور بچے کا ماحول دیا گیا ہے۔وہ منگل کو ایس او ایس چلڈرن ویلیج میں رہائش پذیر بچے اور بچیوں کے ساتھ افطاری کے موقع پر خطاب کررہی تھیں۔

خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہاکہ میرے لئے یہ انتہائی مسرت کا موقع ہے کہ میں ان بچوں کے ساتھ افطاری کررہی ہوں۔انہوں نے بچوں کو کامیابی کی دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ محنت اور لگن سے کامیابی سے آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس او ایس چلڈرن ویلیج ایک ماڈل ادارہ ہے جو اس شعبے میں خدمات سر انجام دینے والوں کے لئے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی یہاں آئی ہوں، ان بچوں کے ساتھ بیٹھنے سے دلی سکون اور راحت ملتی ہے۔خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کے ٹیبل پر گئیں، خیریت دریافت کی اور تعلیمی سرگرمیوں بارے استفسار کیا۔

ایس او ایس چلڈرن ویلیج کے بچوں نے کوویڈ19کے دوران خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کےیہاں کے دورے کا ذکر کیاتوانہوں نے بچوں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ یہاں آتی رہوں گی۔

ایس او ایس چلڈرن ویلیج کی انچارج میڈم فریحہ نے بتایا کہ یہاں 15 فیملی ہومز ہیں جہاں پر 106 بچے اور بچیاں رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے بچوں کی پرورش میں اپنا کردار ادا کرنے پر فرینڈز آف ایس او ایس کا بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بچوں کا بتایا کہ عید الفطر کے لئے خاتون اول نے تمام بچوں کی عیدی دی ہے۔