ایس ای سی پی نے کمپنیز ریگولرائزیشن سکیم متعارف کروا دی

182
SECP

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کئی سالوں کے ریٹرن فائلنگ نہ کئے جانے کی وجہ سے ڈیفالٹ سے دوچار کمپنیوں کے لیے ریگولرائزیشن سکیم متعارف کروا دی ہے۔سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ریگولرائزیشن سکیم ہفتہ ، 15 جون 2024 سے 15 ستمبر 2024 تک دستیاب رہے گی ۔ اس دوران کمپنیاں صرف فائلنگ فیس ادا کرکے اپنے سالانہ ریٹرن ، دستاویزات اور اکائونٹس فائل کر سکیں گی۔ سکیم کی مدت کے دوران واجب الادا ریٹرن فائل کرنے پر کوئی اضافی معاوضہ ، جرمانہ یا تاخیر ی فیس لاگو نہیں ہوگی ۔

واضح رہے کہ اس کمپنیز ریگولرائزیشن سکیم کا اطلاق ، سٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنیوں کے علاوہ دیگر تمام کمپنیوں جن میں نان لسٹڈ سرکاری کمپنیاں ، نجی کمپنیاں ، سنگل ممبر کمپنیاں ، غیر ملکی کارپوریشنز اور کمپنیز ایکٹ کے سیکشن 42 کے تحت قائم غیر منافع بخش تنظیموں کے لئے یہ سکیم دستیاب ہے۔ اس سکیم میں 28 اکتوبر 2023 تک کیے گئے ریٹرن کے ڈیفالٹ کا احاطہ کیا گیا ہے ۔

ریٹرن فائلنگ کے عمل کو آسان بنانے کے لیے کمپنیوں کو مینوئل فائلنگ کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے تاکہ متعدد سالوں کے لیے ریٹرن بیک وقت فائل کیے جا سکیں۔ایس ای سی پی کی کمپنی ریگولرائزیشن سکیم کا مقصد قانون کی تعمیل کو فروغ دینا ہے ۔ کمپنیز ریگولرائزیشن سکیم کے بارے میں مزید معلومات کے لئے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ سے رجوع کریں۔