لاڑکانہ۔ 16 جنوری (اے پی پی):ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چوہدری نے چارج سنبھالنے کے بعد لاڑکانہ پولیس کے تعارفی اجلاس کی زیر صدارت کی، جس میں ضلع بھر میں امن و امان، پولیس کارکردگی، جرائم کے اعداد و شمار سمیت مختلف محکمانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جامع منصوبہ بندی کے تحت نتیجہ خیز کارروائیاں عمل لانے کے لیے پلان تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، اس موقع پر ایس ایس پی لاڑکانہ نے ضلع بھر کے تھانوں کے ایس ایچ اوز سے سرگرم ملزمان اور ہاٹ سپاٹس کی تفصیلات اور فہرستیں طلب کرلیں، اجلاس میں درج مقدمات کی تفتیش میں ہونے والی پیش رفت اور منطقی انجام تک پہنچنے والے کیسز سمیت منشیات اور سماجی برائیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کئے گئے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ نے کہا کہ جرائم پیشہ افرادکے خلاف نتیجہ خیز کارروائیاں کرکے عوام کو احساس دلایا جائے کہ لاڑکانہ پولیس جرائم کے سدباب اور عوام کے تحفظ کے لیئے پرعزم اور ہمہ وقت الرٹ و تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اپنے کام کے ذریعے عوام کو یہ احساس دلائے کہ جرائم کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی واقعے یا واردات کی صورت میں جائےوقوعہ پر بلا تاخیر پہنچیں اور قانونی اقدامات کریں، ایس ایس پی لاڑکانہ نے تھانے میں آنے والے سائلین کی داد رسی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر پولیس افسر پر لازم ہے کے شہریوں کو اپنے عمل سے انصاف کی امید دلائی جائے۔ اجلاس میں ضلع بھر کے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، ٹریفک سارجنٹس، مددگار 15 انچارجز اور ہیڈ آف برانچز نے شرکت کی۔