ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد کی سربراہی میں مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکی انجنیئرز کی نقل و حرکت، رہائش و سکیورٹی بارے اجلاس

108

ایبٹ آباد۔ 24 جنوری (اے پی پی):ایس ایس پی ٹریفک طارق محمود خان کی سربراہی میں ہزارہ کے مختلف مقامات پر غیر ملکی انجنیئر کے جاری پراجیکٹس کی سکیورٹی، ان کی رہائش کی سکیورٹی اور ان کی نقل و حرکت کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ ایبٹ آباد پولیس کے مطابق اجلاس میں میں ایس پی سی ٹی ڈی، ایس پی سپیشل برانچ، ایس پی کینٹ، ایس پی موٹر وے گلگت و ہزارہ، ڈی ایس پی ایس ایس یو، ڈی ایس پی کینٹ، ڈی ایس پی میرپور، ڈی ایس پی گلیات، ڈسٹرک سکیورٹی برانچ، آئی بی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ہزارہ میں غیر ملکی انجنیئرز کی جانب سے جاری مختلف پراجیکٹ کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ انجنیئرز کی نقل و حرکت بذریعہ موٹر وے یا جی ٹی روڈ، انجنیئرز کی رہائش کی سکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر غیر ملکی انجنیئرز کی سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سپیشل پوائنٹس اور سپیشل فورسز کا قیام عمل میں لانے پر بھی نظر ثانی کی گئی جو ہمہ وقت 24 گھنٹے غیر ملکی انجنیئرز کی سکیورٹی کے لئے مکمل تیار ی کے ساتھ موجود رہے گی۔ اس دوران موٹر وے پر سکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ موٹر وے کے اطراف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری رکھے جائیں گے

موٹر وے پر جہاں سے سیفٹی وال یا سیفٹی باڑ ٹوٹی ہے اسے فوری طور پر ٹھیک کروایا جائے گا اور بذریعہ سنائیپر یا ڈرون موٹر وے کی مکمل جان پڑتال کی جائے گی۔