ایس ایم ایز سیکٹر سی پیک فریم ورک کی ترجیحات میں شامل ہے، سی پیک سیکرٹریٹ

75

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) موجودہ حکومت ملک میں ایس ایم ایز سیکٹر کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، سی پیک فریم ورک میں بھی یہ شعبہ ترجیحات میں شامل ہے۔ سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام نے اے پی پی کو بتایاکہ حکومت نے ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے دن رات ایک کررکھا ہے جس کے تحت حکومت کی ترجیحات میں سماجی و معاشی، پسماندہ علاقوں کی ترقی، غربت کا خاتمہ اور فلاح و بہبود کے دیگر منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ملک بھر کے مختلف شہروں میں درمیانے اور چھوٹے درجے کے کاروباری اداروں کو ترقی دے کر علاقائی سطح پر برابری کے لئے کوشاں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایس ایم ایز کے شعبہ کی ترقی سے نہ صرف قومی برآمدات کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ اس سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ایس ایم ایز کا شعبہ کسی بھی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جو علاقائی سطح پر روزگار کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔