ایس اینڈ پی گلوبل نے خواتین کی معاشی خودمختاری کیلئے "ElevateHER” پروگرام کا آغاز کر دیا

193
ایس اینڈ پی گلوبل نے خواتین کی معاشی خودمختاری کیلئے "ElevateHER" پروگرام کا آغاز کر دیا

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):ایس اینڈ پی گلوبل پاکستان نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے "ایلیویٹ ہر (ElevateHER)” کے نام سے تین سالہ پروگرام کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد پاکستان بھر سے 1 ہزار خواتین اور لڑکیوں کو فری لانسنگ اور کاروبار شروع کرنے کی تربیت اور ملازمتوں کے ذریعے روزگار کے حصول کے قابل بنانا ہے۔”ایلیویٹ ہر” کے اثرات کو مزید تقویت دینے کے لیے، امریکہ پاکستان ویمن کونسل (یو ایس پی ڈبلیو سی) نے ایس اینڈ پی گلوبل پاکستان کے ساتھ کلیدی شراکت داری کی ہے۔

یو ایس پی ڈبلیو سی کی شمولیت اس پروگرام کی رسائی کو مزید وسعت دے گی اور خواتین کے لیے بامعنی مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو گی، اس شراکت داری سےپاکستان میں خواتین کیلئے مساوی اور متحرک اقتصادی مواقع پیدا کرنے میں معاونت فراہم ہو گی۔ایس اینڈ پی گلوبل پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر، مجیب ظہور کا ایلیویٹ ہر پروگرام کے آغاز کے موقع پر کہنا تھا کہ، ایلیویٹ ہر، خواتین کو بااختیار بنانے کا ایک عہد ہے، جس کے ذریعے ہم انہیں موجودہ مسابقتی ماحول میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ضروری تربیت اور رہنمائی فراہم کریں گے۔

انکا کہنا تھا کہ کمیونٹی پارٹنرز کے ساتھ ملکر رہنمائی اور مہارت سازی کے ذریعے ہم پائیدار کامیابی کے راستے پر چلنے کے لیے پرعزم ہیں۔اس پروگرام کو کامیابی سے آگے بڑھانے کیلئے ایس اینڈ پی گلوبل متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت داری کرے گا تاکہ خواتین کے لیے منظم مواقع فراہم کیے جا سکیں اور تربیت فراہم کرنے والوں اور تربیت حاصل کرنے والے شرکاء کے درمیان ڈیٹا پر مبنی رپورٹنگ اور معیاری روابط کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ پروگرام پاکستان بھر میں خواتین کو اقتصادی مواقع فراہم کرتے ہوئے ان کے فری لانسنگ کیریئرز کو شروع یا بہتر بنانے، کاروبار کو پری انکیوبیشن سے انکیوبیشن مراحل تک لے جانے اور بامعنی ملازمتیں حاصل کرنے کے قابل بنائے گا۔یو ایس پاکستان ویمنز کونسل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اولیویا ہولٹ آئیوری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایلیویٹ ہر ” ElevateHERنجی شعبے کی شراکت داری کی طاقت کی عکاسی کرتا ہے، جو خواتین کی اقتصادی سلامتی کو فروغ دینے کے لیے ہے۔

ایس اینڈ پی گلوبل اور یو ایس پاکستان ویمنز کونسل کے اس تعاون سے ہم نہ صرف پاکستان کی خواتین اور لڑکیوں کو اہم مواقع فراہم کر رہے ہیں بلکہ ایک جامع عالمی معیشت کی جانب پل بھی تعمیر کر رہے ہیں۔ اسلام آباد میں کونسل ممبران کا یہ اجتماع ہماری مشترکہ وابستگی کو اجاگر کرتا ہےجس کا مقصد پاکستان کی لیبر فورس میں خواتین کی بامعنی شمولیت کو تیز کرنا ہے۔

"ایس اینڈ پی گلوبل پاکستان نے 2020 سے 2023 کے درمیان اپنے ملین ویمن مینٹرز (ایم ڈبلیو ایم) پروگرام کے تحت ملک بھر میں 20 ہزار خواتین کی رہنمائی کی۔ اس اقدام نے خواتین کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM ) کے شعبوں اور قیادت کے عہدوں میں ترقی کرنے میں کامیابی سے مدد فراہم کی۔