ایس سی او اجلاس: اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت، اہم سڑکیں اور میٹرو بس سروس معطل

192
ایس سی او اجلاس: اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت، اہم سڑکیں اور میٹرو بس سروس معطل
ایس سی او اجلاس: اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت، اہم سڑکیں اور میٹرو بس سروس معطل

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ اجلاس کے دوران عوام کی حفاظت اور شہر کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ پاک فوج کے دستے مختلف حساس مقامات پر تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ میٹرو بس سروس 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک معطل رہے گی۔

اسلام آباد پولیس نے ٹریفک کے لیے نیا پلان جاری کیا ہے جس کے تحت مختلف سڑکیں بند رہیں گی۔ ملپور سے ڈھوکری چوک، کشمیر چوک اور سرینا ہوٹل تک سڑک بند ہوگی، جبکہ راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک اور سرینا ہوٹل تک کا راستہ بھی معطل رہے گا۔

اسی طرح ملپور سے سرینگر ہائی وے کے ذریعے آبپارہ تک کا روٹ بھی بند کر دیا گیا ہے۔ مری اور بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے والے مسافر کورنگ روڈ، بنی گالہ، پارک روڈ اور راول ڈیم چوک کے ذریعے فیض آباد آسکیں گے، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والوں کے لیے نائنتھ ایونیو کا استعمال تجویز کیا گیا ہے

فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ اور کورال چوک تک ایکسپریس وے بھی بند رہے گی۔مزید برآں، آج سے 16 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔ انتظامیہ نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹریفک پلان پر عمل کریں اور متبادل روٹس استعمال کریں تاکہ سیکیورٹی کے موثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔