مانسہرہ۔ 24 اپریل (اے پی پی):ایس پی سٹی مانسہرہ ریشم جہانگیر نے پولیس سہولت مرکز کے حوالے سے پولیس افسران اور اہلکاروں کے ساتھ خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق میٹنگ میں عوام کی خدمت جوش و جذبے سے مشغل راہ بنانے پر تمام افسران کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔
پولیس سہولت مرکز میں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول، ای ٹیسٹ، کمپلینٹ سیل، وزیراعظم شکایات پورٹل (پی ایم ڈی یو)، فارن انٹری، کرایہ داروں کی رجسٹریشن، گمشدہ اشیاء کی رپورٹ، وہیکل ویریفکیشن سسٹم (وی وی ایس)، خواتین و بچوں کے لیے علیحدہ ڈیسک، فارن نیشنل سکیورٹی سیل (ایف این ایس سی)، پولیس بھرتیوں اور اشتہارات کی معلومات، سرکاری ملازمین کی سابقہ ریکارڈ کی تصدیق، پولیس ٹینڈرز کی تفصیلات، بلڈ ڈونیشن، ٹریفک سے متعلق رہنمائی، وزارت داخلہ کی ایس او پیز کے مطابق غیر ملکیوں کی رجسٹریشن اور خیبرپختونخوا کے اہم ایکٹس و قوانین کی ڈاؤن لوڈنگ جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایس پی سٹی ریشم جہانگیر نے جملہ سٹاف کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور تمام سہولیات بروقت اور شفاف انداز میں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پولیس سے متعلقہ تمام خدمات ایک ہی جگہ مہیا کرنا مانسہرہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جو عوام کی سہولت اور اعتماد سازی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586941