ایس ڈی او لیسکو جیا بگا کی رینجرزودیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ہمراہ کارروائی ،کروڑوں کی بجلی چوری پکڑی لی

87
Electricity theft
Electricity theft

لاہور۔25مئی (اے پی پی):لیسکو کے ایس ڈی او جیا بگا کی رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی بجلی چوری پکڑلی۔ترجمان کے مطابق ایکسیئن رائیونڈ علی رضا کی زیر نگرانی ایس ڈی او جیا بگا آصف خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ لدھیکے گائوں میں فرنس سٹیل اور پولٹری فارم پر کروڑوں روپے کی بجلی چوری پکڑلی،

ملزمان لیسکو کی ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کررہے تھے، غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے پر ملزمان شہباز اور اشرف نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لیسکو ٹیم پر حملہ کردیا اور شدید فائرنگ کرتے ہوئے اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ دیگر افسران اور سکیورٹی اداروں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے 12 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا اور400 کے وی اے اور 25 کے وی اے کا ٹرانسفارمر اتار لیا۔لیسکو کی جانب سے ملزمان کو8 کروڑ روپے ڈیٹیکشن بل چارج کیا گیا ہے۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ ہماری ٹیموں نے کامیاب آپریشن کیا، ایس ڈی او ،ایس ایز اور رینجرز کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بجلی چور کتنا ہی طاقتور اور بااثر کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچے گا،لیسکو افسران و اہلکار بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، لیسکو اعلی قیادت اور حکومتی مشینری ان کے ساتھ ہے۔