ایسٹر پیار محبت اورباہمی احترام کے جذبے کا نام ہے، حکومت اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ان کے جان ومال کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا ایسٹر پر پیغام

93

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایسٹر پیار محبت اورباہمی احترام کے جذبے کا نام ہے،آئیے ہم سب دنیا کو ایک پرامن جگہ بنانے کا عہد کریں جہاں کمیونٹیز ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں اور بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہوں۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے دنیا بھر کی مسیحی برادری، خاص طور پر پاکستانی مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں اتحاد اورمذہب کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے،حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے ہمیں ضبط وتحمل ، بھائی چارے اور انسانیت کے ساتھ محبت کا درس دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی برداشت کی یاد دلاتا ہے،حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کو اپنا کر ہی معاشرے میں امن اور اتفاق قائم کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسیحی برادری نے نہ صرف تحریک پاکستان میں اہم کردارادا کیا بلکہ وہ ملکی ترقی میں بھی ہاتھ بٹا رہی ہے،حکومت ملک میں تمام اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ان کے جان ومال کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ آئیں ہم سب دنیا کو ایک پرامن جگہ بنانے کا عہد کریں جہاں کمیونٹیز ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں اور بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہوں۔