دبئی۔4ستمبر (اے پی پی):ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ سپر فور مرحلہ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دیدی،اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے گروپ میچ میں بھارت سے شکست کا بدلہ بھی چکا لیا، گرین شرٹس نے 182 رنز کا ہدف آخری اوور کی 5 ویں گند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا،63 کے سکور پر دو وکٹیں گرنے کے بعد محمدرضوان اور محمدنواز نے میدان سنبھالا،
دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 73رنز جوڑ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا،اس کے بعد آصف علی اور خوشدل شاہ نے اہم موقع پر 33 قیمتی رنز جوڑ کر بھارت کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا،محمد رضوان نے 71 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ محمد نوازنے 20گیندوں پر 2چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔محمدنوازمیچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
اتوار کو ایشیا کپ سپر فور مرحلے سلسلے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بائونگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا،بھارتی قائد روہت شرما اور لوکیشن راہول نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 54 رنز کا جاندارا آغاز فراہم کیا یہاں پر حارث رائوف نے روہت شرما کو آئوٹ کرکے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی ،شرما نے 28 رنز بنائے اگلے اوور میں شاداب خان نے راہول کو آئوٹ کردیا وہ بھی 28 رنز بنا سکے۔سوریا کمار یادیو 13 رنز بناکرمحمد نواز کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔
ریشبھ پانٹ 14 بنا کر شاداب خان کی گیند پر چلتے بنے ،ہارڈک پانڈیا بغیر کوئی رن بنائے محمد حسنین کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔دیپک ہودا 16 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے،ویرات کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کی اور 60 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہوگئے۔روی بشنوئی 8 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔
شاداب خان نے دو جبکہ نسیم شاہ،محمدحسنین، حارث اور نواز نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف19.5اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، پاکستانی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 22 کے سکور پر کپتان بابراعظم 14 رنز بنانے کے بعد روی بشنوئی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے،
فخرزمان بھی بیٹنگ کا جادو نہ چلا سکے اور 15 رنز بنا کر چھاہل کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، 63 کے مجموعی سکور پر دو وکٹیں گرنے کے بعد محمدرضوان اور محمدنواز نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 73رنز جوڑ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، 136 کے مجموعی سکور پر بھونیشور کمار نے نواز کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 42 رنز بنائے، 147 کے سکور پر پاکستان کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب رضوان 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پانڈیا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔
اس کے بعد خوشدل شاہ اور آصف علی نے مشکل وقت میں 33 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا،180 کے سکور پر آصف علی 16 رنز بنا کر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ افتخار احمد نے اگلی گیند پر 2 رنز بناکر ٹیم کو فتح دلوائی۔خوشدل شاہ 14 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔بھنیشور کمار ،ارشدیپ سنگھ،چھاہل ،پانڈیا ،روی بشنوئی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔