23.1 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومکھیل کی خبریںایشیا کپ، سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد...

ایشیا کپ، سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

- Advertisement -

کولمبو۔15ستمبر (اے پی پی):ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، سری لنکا نے پاکستان کا 252 رنز کا ہدف میچ کی آخری بال پر حاصل کرلیا، کوشل مینڈس نے 91 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، چیراتھ اسالنکا نے 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا، محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں۔

جمعرات کو آر پریماداسا سٹیڈیم کولمبو میں کھیلے گئے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بارش کے باعث میچ کو 42,42 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ پاکستان ٹیم نے مقررہ 42 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے، پاکستان ٹیم نے ایک مرتبہ پھر اننگز کا مایوس کن انداز میں آغاز کیا، اوپنر فخر زمان 4 رنز بنا کر 9 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد عبداللہ شفیق نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا،

- Advertisement -

دونوں بیٹرز نے64 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بابر اعظم 73 کے مجموعی سکور پر 35 گیندوں پر29 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، نئے آنے والے بیٹر محمد رضوان نے عبداللہ شفیق مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم عبداللہ شفیق اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 52 پر آئوٹ ہوگئے، اس کے بعد آنے والے بیٹر محمد حارث اور محمد نواز قابل ذکر پرفارمنس نہ دکھا سکے اور بالترتیب 3 اور 12رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر پاکستان کی آدھی ٹیم 130 پر آئوٹ ہو چکی تھی، محمد رضوان اور افتخار احمد نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے سکور کو محفوظ ٹوٹل تک پہنچا دیا، دونوں بیٹرز نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 108 قیمتی رنز بنائے۔ پاکستان کے چھٹے آئوٹ ہونے والے بیٹر افتخار احمد 238 کے مجموعی سکور پر 47 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے جبکہ محمد رضوان 73 بالوں پر 86 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے،

ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں۔ شاداب خان 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ شاہین آفریدی ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کا 252 رنز کا ہدف سری لنکا نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور کی آخری بال پر 8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سری لنکا کی ابتدائی دو وکٹیں 77 رنز پر گریں تو اس موقع پر کوشل مینڈس اور سدیرا سماراورکرما نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، دونوں بیٹرز نے 100 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی۔

کوشل مینڈس نے 87 بالوں پر 91 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور آٹھ چوکے شامل ہیں، سدیرا سماراوکرما 48 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ان دونوں بیٹرز کے آئوٹ ہونے کے بعد چیراتھ اسالنکا نے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم دوسرے اینڈ پر وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، سری لنکا کی 243 کے مجموعی سکور پر 7 وکٹیں گر گئیں جب کپتان داسن شناکا 2 ، اور دھننجیا ڈی سلوا 5 اور دنیتھ ویلالاگے صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کو آخری اوور میں جیت کے لئے 8 رنز درکار تھے، آخری اوور کی چوتھی بال پر 246 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی 8ویں وکٹ گر گئی جب پرامود مدوشن ایک رن بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔ سری لنکا کو آخری دو بالوں پر جیت کے لئے 6 رنز درکار تھے کہ اسالنکا نے ایک چوکا اور آخری بال پر ڈبل رنز بنا کر اپنی ٹیم کو میچ میں فتح دلا کر ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا دیا۔ اسالنکا 49 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی طرف سے افتخار احمد نے 3، شاہین آفریدی نے 2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=390811

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں