ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے پنجاب کے 10 ہزارسے زیادہ سکولوں میں شمسی بجلی کی فراہمی

84
Asian Development Bank
Asian Development Bank

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک ،اے ڈی بی کی معاونت سے پنجاب کے 10 ہزارسے زیادہ سکولوں میں شمسی توانائی سے پیداہونے والی بجلی فراہم کردی گئی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیاہے کہ پنجاب بھرمیں 10700 سے زیادہ سکولوں میں شمسی توانائی سسٹم کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے ۔ اس اقدام سے موسم گرما میں سکولوں کوبجلی اورپانی کی بلاتعطل فراہمی کوممکن بنانے میں مددملی ہے۔سکولوں کو ایکسس ٹوکلین انرجی ایویسٹمنٹ پروگرام کے تحت شمسی توانائی کی فراہمی عمل میں لائی گئی ہے۔

پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرینگ یی نے بتایاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک ایشیا اوربحرالکاہل کے خطہ میں توانائی تک وسیع تر رسائی کیلئے کام کررہاہے۔اس مقصدکیلئے متبادل توانائی کے وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک سب کیلئے صاف، قابل اعتماد اورپائیدارتوانائی فراہم کرنے کے ہدف میں پاکستان کی حکومت کے ساتھ تعاون میں پرعزم ہے۔

ایکسس ٹوکلین انرجی ایویسٹمنٹ پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عارف قیصرانی نے بتایا کہ بالخصوص جنوبی پنجاب پہاڑوں ، پہاڑی محل وقوع اوردریائی علاقوں پرمشتمل ہے جہاں بجلی کی 100 فیصدفراہمی ممکن نہیں ہے، انہوں نے کہاکہ اس پراجیکٹ کے ذریعہ ہم عوام کی متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کیلئے حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے 4200 سکولوں اور2 ہزارسے زائد بنیادی صحت کے مراکزمیں سولرپینل نصب کردئیے گئے ہیں۔