اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے پنجاب کے 10700 سکولوں میں شمسی توانائی سے بجلی کی فراہمی مکمل کی گئی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ترجمان نے بتایاہے کہ ماحول دوست توانائی سرمایہ کاری تک رسائی کے پروگرام کے ذریعہ پنجاب کے 10700 سکولوں میں شمسی توانائی کے پینلز نصب کئے گئے ہیں اوران سکولوں کوموسم گرما میں بجلی فراہم کی جارہی ہے جس سے طلبا اوراساتذہ کوسہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بجلی کے بلوں میں بھی اچھی بچت ہورہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان میں سے زیادہ ترسکول پنجاب کے دوردراز اورپسماندہ علاقوں میں ہیں جہاں بجلی نہیں تھی یا بجلی کی مسلسل فراہمی میں مشکلات کاسامنا تھا۔پراجیکٹ ڈائریکٹرعارف قیصرانی نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کازیادہ ترحصہ پہاڑی اوردشوارگزارہے اوران علاقوں میں 100 فیصدبجلی کی فراہمی ممکن نہیں ہے ، اس صورتحال میں ایشیائی ترقیاتی بینک صاف، سستی اورماحول دوست توانائی کی حوصلہ افزائی کررہاہے۔
انہوں نے بتایا کہ مزید4200 سکولوں میں شمسی توانائی کے پینلز لگائے جارہے ہیں جن سے زیادہ لوگوں کوفائدہ پہنچے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت 2000 ہسپتالوں اوربنیادی صحت کے مراکزمیں بھی سولزپینلز لگائے جارہے ہیں تاکہ دیہی علاقوں میں بنیادی صحت کی خدمات کے تسلسل کویقینی بنایا جاسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=316336