ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کی جینڈر اسپیشلسٹ جودھا بخاری اور اُن کی ٹیم نے اسلام آباد سے حیدرآباد کا دورہ

39

حیدرآباد۔ 02 جولائی (اے پی پی):ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کی جینڈر اسپیشلسٹ جودھا بخاری اور اُن کی ٹیم نے اسلام آباد سے حیدرآباد کا دورہ کیا اور حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں سیلاب 2022 کے متاثرین کے لیے کاروباری معاونت، تربیت اور مالی امداد پر مبنی نئے منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جودھا بخاری نے اجلاس کے اراکین کو بتایا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور حکومت سندھ کی شراکت سے 440 ملین روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جس کا مقصد سیلاب 2022 سے متاثرہ خاندانوں کو بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے 21 لاکھ خاندان متاثر ہوئے تھے اور اِس منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر 6 ہزار سے زائد خاندانوں کو چھوٹے کاروباروں میں مدد دی جائے گی۔ ہر خاندان کو اُن کے کاروباری آئیڈیاز کے مطابق 1 لاکھ سے 3 لاکھ یا اُس سے زائد کی مالی امداد دی جائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ اِس میٹنگ کا بنیادی مقصد مختلف کاروباری آئیڈیاز جمع کرنا اور مقامی کمیونٹی کے ساتھ اشتراک کے ذریعے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔ اُنہوں نے حیدرآباد میں مجوزہ بزنس سروے میں چیمبر کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور اِس اشتراک کو ایک کامیاب شراکت داری قرار دیا۔ قائم مقام صدر احمد ادریس چوہان نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے اِس اِقدام کو ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور حکومت سندھ کا ایک نہایت مؤثر اور قابلِ تحسین اشتراکی منصوبہ قرار دیا جس کا مقصد 2022 کے سیلاب سے متاثرہ افراد، خاص طور پر خواتین اور نوجوانوں کو خود کفیل بنانا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ چھوٹے پیمانے پر مختلف کاروبار، جیسے گھریلو خواتین کے لیے سلائی مشینوں کی فراہمی، کپڑوں کی سلائی، ٹیفن سروس اور ای کامرس کی تربیت کے ذریعے اُنہیں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مصنوعات کی فروخت کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے خاص طور پر اِس بات پر زور دیا کہ نئی صنعتوں کے قیام کو فروغ دیا جائے جہاں یہ متاثرہ افراد کام کر کے نہ صرف خود کو سنبھال سکیں بلکہ ملکی معیشت کی ترقی میں بھی کردار ادا کریں۔ نائب صدر شان سہگل نے کہا کہ چھوٹے پیمانے پر ہوٹلنگ اور فوڈ یونٹس جیسے منصوبے بہت خوش آئند ثابت ہو سکتے ہیں۔ اُنہوں نے بنگلہ دیش کے ماڈل کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں لاکھوں خواتین نے چھوٹے کاروبار کے ذریعے خود مختار زندگی کا آغاز کیا جو پاکستان کے لیے ایک کامیاب مثال بن سکتی ہے۔ اُنہوں نے تجویز دی کہ نوجوانوں کو ٹیکنیکل تربیت اور مارکیٹنگ کی صلاحیتوں سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ خود اپنا کاروبار چلا سکیں۔ اجلاس میں سابق صدر محمد اکرم انصاری، اراکین محمد الناصر، سکندر علی راجپوت، کشور کمار بھاٹیا اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد کے اراکین شامل تھے۔