ایف آئی اے صرف تحقیقاتی ادارہ نہیں ،اس نے بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو روکنے کیلئے اقدامات کئے، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان

191

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ ایف آئی اے صرف تحقیقاتی ادارہ نہیں بلکہ کرپشن کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے ، ایف آئی اے نے بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو روکنے کیلئے اقدامات کئے ، امیگریشن کی ذمہ داری بھی ایف آئی اے کے حوالے ہے،یونا ن کشتی حادثہ کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا ہوا،یونان حادثے کی انکوائری کروائی گئی، ذمہ داروں کیخلاف سخت ایکشن ہوگا،ایف آئی اے کا اہم کردار ہے ، میرٹ پر معاملات نمٹانے سے اچھے نتائج آسکتے ہیں ۔ وہ منگل کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کے نئے انٹگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کا بھی افتتاح کیا۔آئی بی ایم ایس کا اجرا ایف آئی اے کی استعداد کار بڑھانے کی جانب ایک اور قدم ہے ۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ایف آئی اے کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق بنانے کیلئے منصوبوں کا آغاز انتہائی خوش آئند ہے،بدلتی ٹیکنالوجی کے دور میں اس سسٹم کا افتتاح ملکی سالمیت ، سکیورٹی اورتحفظ کا باعث بنے گا، ایف آئی حکام نے وزیر داخلہ کو نئے انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام امیگریشن چیک پوسٹوں پر آئی بی ایم ایس سے استفادہ حاصل کیا جا سکے گا،

سسٹم کی بدولت چیک پوسٹس اور ائیرپورٹس پر پاسپورٹ اور پاکستانی ویزہ کی تصدیق ممکن ہو گی،نئے سسٹم سے دستاویزات اور افراد کی فوری شناخت ہو سکے گی ، آپٹیکل کریکٹر ریکگ نیشن کے ذریعے دستاویز پڑھنے کا نظام بہتر ہوا ۔ایف آر ایس کے ذریعے پاسپورٹ اور ویزا کے ساتھ ساتھ فرد کی تصدیق بھی ہو سکے گی ۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رئیل ٹائم ڈیٹا بیس کے ذریعے ڈیٹا کی تصدیق ممکن ہو گی،یہ سسٹم نادرا، ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، ایف بی آر، پولیس سمیت دیگر اداروں سے مکمل طور پر انٹیگریٹڈ ہے،اس سسٹم کے ذریعے بد عنوانی اور اختیارات کے غلط استعمال کا سدباب کیا جا سکے گا۔وزیر داخلہ نے ایف آئی اے میں ای آفس کے استعمال کا بھی افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ای آفس کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، ای آفس سے شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئے گی اور اس سے قومی وسائل کی بچت بھی ممکن ہو گی ۔

ڈی جی ایف آئی اے کی جانب سے ای آفس کو چھ ماہ میں مکمل طور پر نافذ العمل بنانے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے ٹریننگ اکیڈمی کا دورہ بھی کیا ۔اس پر پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے سب سے اہم ادارے کے طور پر شناخت بنائی ، ایف آئی اے پر اہم ذمہ داریاں ہیں ، ادارے کا پروفیشنل ہونا لازم و ملزوم ہے ،ادارے میں بہتری کیلئے استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے ۔