ایف آئی اے فیصل آباد نے انسانی سمگلنگ میں ملوث بدنام زمانہ لینڈ روٹ ایجنٹس سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا

147

فیصل آباد ۔ 21 جنوری (اے پی پی):ایف آئی اے فیصل آباد نے انسانی سمگلنگ میں ملوث بدنام زمانہ لینڈ روٹ ایجنٹس سمیت 3 ملزمان گرفتار کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے فیصل آباد زون نے انسانی سمگلروں کیخلاف کارروائیوں کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث بدنام زمانہ لینڈ روٹ ایجنٹس سمیت 3 ملزمان گرفتار کرلئے۔گرفتار ملزمان میں محمد آصف، محمد افضال اور حسنین علی شامل ہیں۔ملزمان کو ساہیوال اور فیصل آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے،ملزمان شہریوں کو غیر قانونی بارڈر پار کروانے میں ملوث ہیں۔ملزم محمد آصف نے شہری کو اٹلی براستہ سینیگال ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 50 لاکھ روپے ہتھیائے،تاہم شہری کو سینیگال سے واپس بھیج دیا گیا۔ملزم محمد افضال نے شہری کو اٹلی براستہ ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 32 لاکھ روپے ہتھیائے۔ملزم حسنین علی سوشل میڈیا کے ذریعہ بیرون ملک ملازمت کے اشتہارات شائع کرتا تھا۔چھاپہ مار کارروائی میں ملزم کے قبضے سے فون اور دیگر شواہد برآمد کر لئے گئے۔ملزم انٹرنیشنل نیٹ ورکس کے ساتھ رابطے میں تھا۔ملزم دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملکر بغیر لائسنس شہریوں کو یورپ اور دیگر ممالک بھیجوانے کا جانسہ دے کر بھاری رقوم ہتھیانے میں ملوث ہے۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈائریکٹر فیصل آباد زون نے اس حوالے سے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی،ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔انٹیلی جنس بنیادوں پر انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں،ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔