لاہور۔26فروری (اے پی پی):ایف آئی اے لاہورنے انسانی سمگلرز کے خلاف شکنجہ تیار کر لیا۔ترجمان کے مطابق لاہورائرپورٹ پر مسافروں کی سخت جانچ پڑتال جاری ہے،گزشتہ دو ماہ کے دوران لاہور ائرپورٹ پر 3171 مسافروں کو جعلی، مشتبہ اور نامکمل دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران لاہور ایئرپورٹ پر جعلی دستاویزات کی بنیاد پر10 اورگداگری میں ملوث35 مسافروں کو گرفتار کیا گیا جنہیں مزید تحقیقات کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور منتقل کیا گیا۔اسی طرح پنجاب پولیس کو مطلوب 12 ملزمان کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام بنائی گئی،ملزمان کا نام سٹاپ لسٹ میں شامل تھا جو سنگین مقدمات میں پنجاب پولیس کو مطلوب تھے،
ملزمان کو بعد ازاں پنجاب پولیس حکام کے حوالے کیا گیا۔اس حوالے سے ڈائریکٹر لاہور زون سرفراز خان ورک نے کہاکہ مسافروں کے سفری ریکارڈ کا مکمل جائزہ لیا جارہا اور انسانی سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔