لاہور۔2مارچ (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے لاہور میں کارروائیوں کے دوران ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی سمگلر سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت راحیل پرویز، محمد عمر ، یمام ندیم اور روحان محمود کے نام سے ہوئی، گرفتار ملزمان سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو ماڈل ٹاون، رحمن گارڈن اور شمع لاہور سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم راحیل پرویز ریڈ بک کا مطلوب انسانی سمگلر ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم 2019 سے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور کو مطلوب تھا، ملزم نے شہریوں کو کینیڈا بھجوانے کی غرض سے 90 لاکھ روپے بٹورے، دیگر ملزمان غیر قانونی ٹریول ایجنسی چلا رہے تھے، ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کاجھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے، ملزمان بغیر لائسنس شہریوں سے پاسپورٹ وصول کر رہے تھے، ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے ویزا فراڈ کرتے تھے ۔
ایف آئی اے کے مطابق چھاپوں کے دوران ملزمان سے 12 پاکستانی پاسپورٹس، تعلیمی دستاویزات اور موبائل سمز برآمد ہوئیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو جاتے تھے، ملزمان برآمد ہونے والے پاسپورٹس کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور کے مطابق انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے، گرفتار انسانی سمگلرز کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی، بین الاقوامی سطح پر انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔