اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرپارلیمانی امورڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ ایف آئی اے کاسائبرکرائم ونگ اچھے اندازمیں کام کررہاہے، ادارے کی استعدادکارمیں بہتری کیلئے جدیدترین ٹیکنالوجی اوردیگرسہولیات کی فراہمی کی طرف توجہ دی گئی ہے۔
پیرکو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران انجم عقیل خان کے سوال پرطارق فضل چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ پوری دنیا میں سائبرکرائم کے واقعات میں اضافہ ہورہاہے، پاکستان میں سائبرکرائم کے حوالہ سے پی ٹی اے اورایف آئی اے دونوں ادارے کام کررہے ہیں، ایف آئی اے کے پاس براہ راست اورپولیس کے زریعہ بھی شکایات درج کرائی جاتی ہیں،
سائبرکرائم ونگ اس معاملہ کودیکھتاہے اوراس کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے، جن ویب سائیٹس کے زریعہ فراڈ ہوتے ہیں ان کے خلاف پی ٹی اے کاروائی کرتی ہے، ہمارے پاس وہ آلات اورٹیکنالوجی موجودہیں جن کی مددسے اس طرح کی ویب سائیٹس کوبلاک کردیاجاتاہے۔
شاہدہ رحمانی کے ضمنی سوال پرانہوں نے کہاکہ فراڈاوردھوکہ دہی سے بچنے کیلئے متعلقہ اداروں کی جانب سے پرنٹ، الیکٹرانک اورسوشل میڈیا پرعوامی آگاہی کیلئے مہم بھی چلائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تصدیق کے بغیرپیسے ٹرانسفرنہیں کرنا چاہیے،اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے وزیراعظم نے چند دن قبل نیشنل کرائم سائبرایجنسی کاافتتاح کیاہے۔
عبدالقادرپٹیل کے سوال پرانہوں نے کہاکہ ایف آئی اے کاسائبرکرائم ونگ اچھے اندازمیں کام کررہاہے، ادارے کی استعدادکارمیں بہتری کیلئے جدیدترین ٹیکنالوجی اوردیگرسہولیات کی فراہمی کی طرف توجہ دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ گوگل، جی میل جیسے اداروں کے سسٹم میں داخل ہونے کیلئے متعلقہ قواعد کی پیروی کی جاتی ہے۔ نویدعامرجیواکے سوال پرڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے ایوان کوبتایاکہ پرائم منسٹریوتھ پروگرام سابق وزیراعظم نوازشریف نے شروع کیاتھا، اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کی تعلیم،ہنر، سکالرشپ اورروزگار پرتوجہ دی جاتی ہے،
پروگرام کے تحت بلاتفریق 223ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے جبکہ اس پروگرام سے تین لاکھ 50ہزارسے زیادہ نوجوان مستفید ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس پروگرام میں اقلیتوں کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں ہورہا بلکہ پورے پاکستان سے بلاتفریق نوجوان مستفید ہورہے ہیں۔
صاحبزادہ صبغت اللہ کے سوال پرڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے ایوان کوبتایا کہ پاکستان میں وفاقی اورصوبائی حکومتوں کی جانب سے گھروں کی تعمیرکے کئی منصوبے چلتے رہے ہیں، اس پروگرام کومختلف حکومتوں کے ادوارمیں مختلف نام دیئے جاتے رہے ہیں، اس وقت بینکوں کی جانب سے گھروں کی تعمیرکیلئے قرضے بند نہیں کئے گئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579227