ایف آئی اے کی سیالکوٹ ایئر پورٹ پر کارروائی،جعلی پاسپورٹ والامسافر گرفتار

160
F.I.A
F.I.A

سیالکوٹ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):ایف آئی اے نے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر کارروائی کرکے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر کو گرفتار کرلیا ہے۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے سیالکوٹ نے کارروائی کرکے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر کو گرفتار کرلیا ہے، مسافر نے بین الاقوامی پرواز کے ذریعے ساؤتھ افریقہ سفر کرنا تھا، مسافر کی شناخت شاہزیب علی شاہ کے نام سے ہوئی ہے ،مسافر ساؤتھ افریقہ کے پاسپورٹ پر سفر کر رہا تھا ، امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کی دستاویزات کو مشکوک پایا گیا ،مسافر کی ٹریول ہسٹری میں بھی ساؤتھ افریقہ کا پاسپورٹ ڈکلیئر نہیں تھا ۔

ساؤتھ افریقی پاسپورٹ پر مسافر کی تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش مسافر کی فیملی ٹری سے مطابقت نہیں رکھتی تھی، ابتدائی تفتیش میں مسافر نے بتایا کہ2018 میں اس نے پاکستانی پاسپورٹ پر ساؤتھ افریقہ کا سفر کیا تھا،ساؤتھ افریقہ میں مسافر نے 90 ہزار افریقی رانڈ کے عوض ساؤتھ افریقی پاسپورٹ مقامی ایجنٹ سے حاصل کر رکھا تھا ، مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے ۔