لاہور۔9اکتوبر (اے پی پی):ایف آئی اے گجرات سرکل نے 3 بدنام زمانہ انسانی سمگلر پکڑ لئے جبکہ ایک اور کارروائی میں ہنڈی حوالہ کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ایک شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا، انسانی سمگلروں نے ایک شہری کے بیٹے اور کزن کو لیبیا کے راستے غیر قانونی طور پر اٹلی بھجوانے کے عوض 60 لاکھ روپے بٹورے تھے جبکہ وہ ایجنٹوں کے ذریعے لیبیا میں محصور متاثرہ شہریوں پر تشدد کرنے میں بھی ملوث پائے گئے،
ترجمان ایف آئی اے لاہور نے پیر کو بتایا کہ ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون ساجد اکرم کی ہدایت پر انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر گجرات سرکل طارق مسعود کی زیر نگرانی چھاپا مار ٹیم نے 3 بدنامِ زمانہ انسانی سمگلروں سمیت 4 ملزمان گرفتار کر لئے، انسانی سمگلروں میں اعظم، صدام اور لیاقت چیمہ شامل ہیں، ملزموں کو گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا،
ملزمان اعظم، صدام اور لیاقت چیمہ کئی سال سے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث تھے، ملزمان سادہ لوح افراد کو بیرون ملک روزگار کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم وصول کرتے تھے جبکہ وہ ایجنٹوں کے ذریعے لیبیا میں محصور متاثرہ شہریوں پر تشدد کرنے میں بھی ملوث پائے گئے، ترجمان کے مطابق ملزم طاہر اقبال کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی حوالہ کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا، ملزم سے ہنڈی حوالہ سے متعلق متعدد رسیدیں، رجسٹر اور موبائل فون برآمد کر لئے گئے، ایف آئی اے نے چاروں ملزموں سے تفتیش شروع کر دی۔