اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):ایف بی آر افغانستان کے ساتھ دوہرے ٹیکس معاہدے پر بات چیت کرے گا، پاکستان اورافغانستان کے درمیان دوہرے ٹیکس کے حوالہ سے معاہدہ پرمذاکرات (آج )منگل کوہوں گے۔ترجمان ایف بی آرنے بتایا کہ افغانستان ریونیو ڈیپارٹمنٹ(اے آر ڈی) کا چار رکنی وفد دونوں ممالک کے مابین دوہرے ٹیکس معاہدے(ڈی ٹی اے) پر مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر ) کے اہم دورے پر ہے۔
یہ اعلیٰ سطحی مذاکرات 28 سے 30 دسمبر 2021 تک ایف بی آر (ہیڈکوارٹرز ) اسلام آباد میں ہوں گے۔ افغان وفد کی سربراہی ریونیو آڈٹ ڈائریکٹر اے آر ڈی عصمت اللہ سلیمی کر رہے ہیں جبکہ اس میں ٹیکنیکل ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اے آر ڈی عبدالولی نوری ، لیگل سروسز ڈائریکٹر اے آر ڈی ندا محمد صدیقی اور مشیروزارت خزانہ نجیب اللہ احمدزئی بھی شامل ہیں۔
پاکستان اور افغانستان کے مابین ڈی ٹی اے پر مذاکرات کا پہلا دور مارچ 2016 میں کامیابی کے ساتھ ہوا تھا۔ امید ہے کہ پاکستان اور افغانستان کےمابین ڈی ٹی اے پر مذاکرات کا دوسرا دور بھی دوستی اور باہمی سمجھوتے کے مشترکہ جذبے کے ساتھ کیا جائے گا۔
دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان مجوزہ ڈی ٹی اے نہ صرف پہلے سے موجود اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دے گا بلکہ دونوں ممالک کے لئے ریونیو میں اضافے کیلئے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
پاکستانی وفد کی قیادت ایف بی آر کے ڈائریکٹر جنرل (انٹرنیشنل ٹیکسز) قیصر اقبال کررہے ہیں جبکہ اس میں بیرسٹر نوشیروان خان، چیف (انٹرنیشنل ٹیکسز) اور حرا نذیر، سیکریٹری (ٹیکس ٹریٹیز اینڈ کنونشنز) بھی شامل ہیں۔