ایف بی آر کی پی او ایس انعامی اسکیم کی پانچویں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی

291
چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):ایف بی آر کی منفرد پی او ایس انعامی اسکیم کے سلسلے کی مسلسل پانچویں ماہانہ کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی ۔ تقریب میں ایف بی آر کی پی او ایس اسکیم میں انعامات جیتنے والے خوش نصیبوں جن کی تعداد 1007 تھی، میں 53 ملین روپے کے انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ میٹرو اسٹورز پاکستان کی جانب سے بھی ایک ملین روپے کے انعامات اپنے 10 صارفین میں تقسیم کئے گئے ۔

یوں اس سلسلے کی کل انعامی رقم 54 ملین روپے جبکہ انعامات جیتنے والے خوش نصیب صارفین کی تعداد 1017 ہوگئی۔تقریب کی میزبانی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کی ۔ یہ پہلی دفعہ تھا کہ پی او ایس انعامی سکیم کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد سے باہر لاہور میں منعقد کی گئی۔ یہ منفرد ماہانہ قرعہ اندازی اب پاکستان بھر کے بڑے شہروں میں رکھی جائے گی تاکہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈز اس کا حصہ بنیں، عوام کی شمولیت میں اضافہ ہواور ریٹیل شعبے میں ٹیکس ادائیگی کے کلچر کو بڑھایا جاسکے۔

تقریب میں شریک معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ ایف پی سی سی آئی کے تمام اراکین اور بزنس کیمونٹی ایف بی آر کے شانہ بشانہ پاکستان بھر میں ٹیکس ادائیگی کے کلچر کو عام کرنے کی مہم میں شامل ہوگی۔ انہوں نے پی او ایس انوائسنگ سسٹم کو ایف بی آر کا انقلابی نوعیت کا ڈیجیٹل منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ اس کی مدد سے ملک بھر میں خودکار کاروباری نظام کی تشکیل اور ٹیکس نظام میں ڈیجیٹلائزیشن کو وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔

تقریب کے مہمان خصوصی قیصر اقبال ممبر آئی آر آپریشنز ایف بی آر تھے انہوں نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ گزشتہ چند سالوں سے ایف بی آر کا ادارہ محصولات اکٹھا کرنے کے لئے شفاف ، ڈیجیٹل اور خودکار طریقہ کار نافذ کرنے کے لئے کوشاں ہےجس کا مقصد نہ صرف معیشت کو ڈیجیٹل دستاویزی شکل دینا ہے بلکہ ملکی خزانے کے ضیاع کو بھی ٹیکس کے شفاف نظام کے ذریعے روکنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر ملک میں ٹیکس کلچر عام کرنے اور ملکی ٹیکس نظام پر صارفین کا اعتماد بڑھانے کے لئے پی او ایس انوائسنگ پرائز سکیم جیسی مزید منفرد اسکیمیں تیار کرتا رہے گا۔ تقریب کے دیگر شرکاء میں ایف بی آر کے اعلیٰ افسران، معروف کاروباری حضرات، ایف پی سی سی آئی کی قیادت اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندے شامل تھے۔

واضح رہے کہ پی او ایس کی انعامی اسکیم لانے کا مقصد یہ تھا کہ ملک بھر میں ٹیئر-ون میں موجود کاروباری مراکز پہ ہونے والی فروخت کا ڈیجیٹل ریکارڈ رکھا جائے اور صارفین کی شمولیت سے یہ یقینی بنایا جائے کہ ان سے وصول کیا جانے والا سیلز ٹیکس ملکی خزانے میں جمع ہورہا ہے۔ یہاں اس امر کا ذکر ضروری ہے کہ اپریل کے مہینے میں 48 ہزار سے زائد صارفین نے 3لاکھ 70 ہزار سے زائد رسیدوں کی تصدیق کی، جنہوں نے ایف بی آر کے پی اوایس نظام سے مربوط ریٹیلرز سے خریداری کی تھی۔

اسی طرح اپریل کے مہینے میں ایف بی آر کے پی او ایس نظام کے ساتھ منسلک بڑے ریٹیلرز ،یعنی ٹئیر –ون ریٹیلرز کی طرف سے مجموعی طور پر4 کروڑ80 لاکھ سے زائد رسیدوں کا اجراء کیا گیا ہے۔ یہ اعداد و شمارعوام میں اس انعامی اسکیم اور ایف بی آر پہ بڑھتے ہوئے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہیں جس میں آئے روزاضافہ ہورہا ہے۔

اس سے پہلے جنوری، فروری، مارچ اور اپریل کے مہینوں کی 15 تاریخ کو اسی نوعیت کی مسلسل شفاف کمپیوٹرائزڈ انعامی قرعہ اندازیوں میں ایف بی آر کی جانب سے 4ہزار 28 صارفین میں 212 ملین روپے کی خطیر انعامی رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔ زیادہ تر خوش نصیبوں کے اکاؤنٹس میں ضروری تصدیقی عمل کے بعد انعامی رقم منتقل کی جا چکی ہے۔ یہ بھی دیکھا جارہا ہے کہ عوام کی جانب سے اس انعامی اسکیم میں شمولیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہےجس کی قرعہ اندازی کی تقریب ہرمہینے کی 15 تاریخ کو قومی میڈیا کے سامنے منعقد ہوتی ہے۔