اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے محصولات میں 28.7 فیصد اضافہ پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ادارہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اور قوم کی توقعات پر پورا اترے گا۔
اتوار کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے رواں مالی سال جولائی 2021ء سے اپریل 2022ء کے دوران 5 ہزار 122 ار ب روپے محصولات جمع کئے جو کہ گزشتہ سال کے اس عرصے کے دوران 3981 ارب روپے تھے جس سے 28.7 فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے اس عرصہ کے دوران 264 ارب روپے ری فنڈز تقسیم کئے جو کہ گزشتہ سال اس عرصہ کے دوران 203 ارب روپے تقسیم کئے گئے تھے جس سے 30.1 فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ محصولات میں اضافے کی بڑی وجہ برآمدات میں اضافہ ہے کیونکہ درآمدی اشیاء پر سیلز ٹیکس میں 58 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مقامی اشیاء پر دو فیصد کمی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ درست پالیسیوں کے باعث ایف بی آر کی ٹیم بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھے گی اور عوام کی امنگوں پر پورا اترے گی۔