ایف پی سی سی آئی کے منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے، چیئرمین یو بی جی شہزاد علی ملک

242

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)نے فیڈریشن کے سال 2023-24 کے لیے منصفانہ، آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔ پیر کو یہاں حفیظ بیگ کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے یو بی جی کے چیئرمین شہزاد علی ملک( ستارہ امتیاز) نے کہا کہ صدر سمیت ایف پی سی سی آئی کے تمام عہدیداروں کے عہدے یکم جنوری سے ختم ہو چکے ہیں کیونکہ ان کی مدت 31 دسمبر کو ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے ترمیمی بل کے مطابق ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں کی دو سالہ مدت 2022 سے نہیں بلکہ 2023 سے شروع ہوگی،ہم تاجر برادری کے وسیع تر مفاد میں یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ قانون کے مطابق شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے انتظامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یو بی جی کی قیادت قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ پر پختہ یقین رکھتی ہے،کسی بھی قیمت پر صنعتکاروں اور تاجروں کے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں د یں گے، ہر سطح پر ان کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔