اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ ایل این جی کے مہنگے ترین معاہدے کر کے ملک بیچنے والے اصل مجرم ہیں،سیاسی شعبدہ باز قومی سانحات پر سیاست کر رہے ہیں۔
منگل کو شاہد خاقان عباسی کے بیان پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ 15 سال کی مدت کے لیے 16 ارب ڈالر کے معاہدے کرنے والے نااہل تھے۔ ایل این جی کے مہنگے ترین معاہدے کر کے ملک بیچنے والے اصل مجرم ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہاکہ یہ لوگ ملک کا سودا کرنے والے جوابدہی کے بجائے اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش میں ہیں،سیاسی شعبدہ باز قومی سانحات پر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، ادارے اور عوام نے مل کر مری کے سیاحوں کی مدد کی۔ اپوزیشن نے سانحے کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے استعمال کیا