ایل پی جی سلنڈر والیاں گاڑیاں قبضے میں اور متعلقہ افراد قانون کے شکجے میں ہو نگے،ڈپٹی کمشنررحیم یارخان

25

رحیم یارخان 04 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان خرم پرویز نے ضلع بھر میں مسافر گاڑیوں میں ایل پی جی سلنڈرز کا استعمال کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تحصیلوں میں مسافر گاڑیوں میں ایل پی جی سیلنڈرز استعمال کرنے والی گاڑیوں کے سلنڈرز اتارتے ہوئے گاڑیوں کو بند اور مالکان کے خلاف مقدمات درج کریں گے جبکہ مسافر گاڑیوں میں ایل پی جی ریفلنگ کرنے والی دکانوں کو بھی سیل اور مقدمات درج کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس کو ارسال کی جائے۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹرز کالجز اور سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں کسی بھی مقام پر غیر رجسٹرڈ تعلیمی ادارے نہیں چلیں گے فوری طور پر ایسے تمام سکولز اور کالجز کو سیل کیا جائے جو بغیر مجاز اتھارٹی سے رجسٹریشن حاصل کئے کام کر رہے ہیں۔

اس ضمن میں متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور سی ای او ایجوکیشن کو مکمل معاونت فراہم کریں گے تاکہ غیر رجسٹرد تعلیمی اداروں کو فوری سیل کیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں سے سرٹیفکیٹ حاصل کئے جائیں کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں میں ایسی وہیکل کا استعمال نہ کریں گے جس میں ایل پی جی سلنڈرز نصب ہوں جبکہ والدین بھی اپنے بچوں کو ایسی گاڑیوں میں تعلیمی اداروں یا دیگر سفری مقاصد کے لئے استعمال کرنے سے اجتناب کریں جس میں سلنڈرز نصب ہوں۔ڈپٹی کمشنر نے محرم الحرام کے حوالہ سے بھی اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں قیام امن پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گااور شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے واضح ہدایات دی کہ نقص امن کا باعث بننے والے عناصر کو فوری تحویل میں لیا جائے اور محرم الحرام کے پر امن انعقا د کے لئے جاری ضابطہ اخلاق اور دفعہ144 پرسختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔