راولپنڈی ۔ 26 جون (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے ایم ایل ون منصوبہ میں ایک لاکھ لوگوں کو میرٹ کی بنیاد پر ملازمتیں دی جائیں گی،یہ منصوبہ میرا خواب تھا جسے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے حقیقت میں بدل دیا ہے، موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، نالہ لئی اور دیگر منصوبے پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے،راولپنڈی میں چار یونیورسٹیاں مکمل کر لی گئی ہیں اورچین کے ساتھ مزید دو نئی یونیورسٹیوں کا معاہدہ کر لیاگیا ہے۔ان خیالات کا اظہار شیخ رشیداحمد نے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد جمعہ کو راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ زندگی میں تین چار بار قاتلانہ حملے ہوئے کبھی خوفزدہ نہیں ہوا مگر اس طرح کی بیماری کا کبھی سامنا نہیں کیا اور عوام سے گزارش کرتا ہوں مجھے دیکھ کر سبق حاصل کریں اوراحتیاط کریں۔انہوں نے کہا کہ زندگی نے ساتھ دیا تو ایم ایل ون ہر صورت میں مکمل ہوگا اورمیں نے سولہ سال پہلے اس منصوبے کا معاہدہ کیا تھا اورآج یہ منصوبہ شروع ہونے جا رہاہے جس کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کودیتاہوں اوریہ منصوبہ شروع کرنے پر حفیظ شیخ اوراسدعمرکاشکرگزارہوں۔ شیخ رشیداحمدنے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی تاریخ بدلے گا اورایک لاکھ لوگوں کو بغیر کسی سفارش کے مقابلے کا امتحان پاس کرنے کے بعد نوکریاں دی جائیں گی جس میں تمام صوبوں کا کوٹہ مقررکیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون پروجیکٹ میرا خواب تھا جسے موجودہ حکومت نے حقیقت میں بدل دیا ہے۔ نالہ لئی اور دیگر منصوبے وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان کے ساتھ ملکر پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گا۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کے مزدوروں کی تنخواہ بڑھائی جائے اورآمدن کے زرائع بڑھانا بھی ضروری ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونے جا رہی ہے اور پچھلی حکومتوں نے اربوں روپیہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر پر ضائع کردیا جبکہ اصل کام ایم ایل ون منصوبہ کی تکمیل تھی جس کے معاہدے پر سولہ سال قبل میں نے دستخط کئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ماں بچے کا ہسپتال تکمیل کے مراحل میں ہے اور راولپنڈی کی چاروں یونیورسٹیاں مکمل ہوچکی ہیں، فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی ایک کروڑروپے میں بنائی تھی جس کا مزاق بھی اڑایا گیا تھا جبکہ سیٹلائٹ یونیورسٹی بایئس کروڑروپے میں بنائی۔انہوں نے کہا کہ کیرج فیکٹری کے ساتھ ریلوے کی یونیورسٹی اورہائی ٹیک یونیورسٹی بنانے کے لئے چین کے ساتھ معاہدہ کر لیاگیا ہے ۔صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پورے کرے گی اور اس ملک میں اجتماعی سوچ پیداہونے جارہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ آئندہ دوماہ میں حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان بہترین لائحہ عمل طے ہوگا کیونکہ یہ ملک اب مزید اختلافات کامتحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ساری قوم کا شکریہ ادا کرتاہوں جہنوں نے میری صحت یابی کے لیے دعا کی۔