راولپنڈی۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہاہے کہ پاکستان ،کابل اور ازبکستان کے مابین ٹرین سروس کے ساڑھے چار ارب ڈالر کے منصوبے پر رواں ماہ دستخط ہوں گے ، 45 برس سے خسارے میں چلنے والی ریلوے کو اسٹیل مل کی طرح بند نہیں کرسکتے اہم اقدامات اٹھانے ہونگے، ایم ایل ون کے تاریخی منصوبہ پر سال 2021 میں کام شروع ہوجائے گا۔ پشاور، کابل ازبکستان ٹرین کے 4.5 ارب کے معاہدہ پر وزیراعظم عمران خان اس ماہ کے آخر میں دستحط کریں گے،ریلوے کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے راولپنڈی میں ریلوے کے مسیحی ملازمین کی کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتی برادری کا اہم کردار ہے، وزیراعظم بین اتحاد بین المذاہب پر زور دیتے ہیں۔ ریلوے کو خسارے سے نکالنا ایک بڑا چیلنج ہے،شیخ رشید احمد نے محکمہ ریلوے کو بنیاد دی اب اس ٹرین کو میں منزل پر لے کر جائوں گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایم ایل ون بہت بڑا منصوبہ ہے اس سے ہماری دفاعی طاقت میں بھی اضافہ ہوگا،ایم ایل ون کے تین فیز ہیں، اس حوالے سے آج بھی میٹنگ ہوئی ہے، تمام بنیادی اصول پورے ہوچکے ہیں۔سال 2021 کے آغاز میں ایم ایل ون منصوبہ پر باقاعدہ کام شروع ہوجائے گا ۔اس منصوبہ کی سیکورٹی پر چین سے بات چیت ہورہی ہے۔اس موقع پر ڈویژنل سپرینٹنڈنٹ راولپنڈی سید منور شاہ ، ڈویژنل کمرشل آفیسر میاں فضل الہی سمیت ریلوے کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔میڈیا سے بات چیت کے دوران پاکستان ،کابل اور ازبکستان کے مابین ٹرین سروس بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ ٹرین پشاور، کابل اور ازبکستان کے درمیان چلے گی ، معاہدے پر افغانستان اور ازبکستان کے صدور نے دستحط کردئیے ہیں جبکہ4.5 ارب کے معاہدے پر وزیراعظم پاکستان عمران خان رواں ماہ کے آخر میں دستحط کریں گے۔ انہوں نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ ازبکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اس مہینے کے آخر میں خصوصی دستاویزات لے کر آئیں گے اور عمران خان ان پر دستحط کریں گے۔اعظم خان سواتی نے کہاکہ ریلوے کی بڑی جائیداد پر قبضہ رہا ہے حال ہی میں صرف کراچی میں 4 ارب روپے مالیت کی ریلوے کی زمین واگزار کرائی گئی۔ریلوے کو 5 مہینے کے اندر 17 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے یہ خسارہ کورونا صورتحال ، ٹرینوں کی خرابی کی وجہ سے ہوا۔ہم اس کو نئے سرے سے پاوں پر کھڑا کریں گے۔ قبل ازیں ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے سید منور شاہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے راولپنڈی سمیت پاکستان بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو کرسمس پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہو کر یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم اقلیتوں کو مساوی حقوق یقینی بنائے ہوئے ہے،ایسی پروقار تقاریب مسیحی کمیونٹی کی خوشیوں میں شریک ہونے کا موقع دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان بناتے وقت یہ کہا کہ اقلتیوں کی ثقافتی، مذہبی اقدار کا تحفظ اور مساوی مقام ریاست کا کام ہے،موجودہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ، مساوی مواقعوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، یہ تقریب اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے ذریعے ہم باہمی احترام کو فروغ دے سکتے ہیں اور یہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،پاکستان کی سلامتی، استحکام اور بقائ کے لئے ہم سب نے مل جل کر چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن کا یہ خاصا ہے کہ وہ ہر سال اپنے مسیحی ساتھیو ں کے لئے ایسی تقاریب کا انعقاد کرتا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسیحی برادری کو وزیراعظم عمران خان اور اپنی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ ہماری اولین ترجیح اور اور دینی فریضہ ہے کہ کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتاہے اسی طرح مسیحی برادری کو یقین دلاتے ہیں کہ وزارت ریلوے میں بھی انھیں اسی طرح کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیراعظم سواتی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا استحقاق ہے کہ وہ اپنی کابینہ کے ممبران کو جو بھی ذمہ داری سونپے، مجھے وزارت پارلیمانی امور،نارکوٹکس، دو مرتبہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں کام کرنے کا موقع ملا اور ابھی وزارت ریلوے کی ذمہ داری دی گئی ہے اسے احسن طریقے سے نبھاؤں گا۔