ایم بی بی ایس /بی ڈی ایس کے پاکستان اور سعودی عرب میں منعقدہ انٹری ٹیسٹ میں فول پروف انتظامات اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ، وائس چانسلر نمز

184

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وائس چانسلر نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید محمد عمران مجید نے کہا ہے کہ یونیورسٹی نے پاکستان بھراور سعودی عرب میں اپنا نیشنل انٹری ٹیسٹ بیک وقت ایم بی بی ایس/بی ڈی ایس ،

ایم بی بی ایس /بی ڈی ایس کے پاکستان اور سعودی عرب میں منعقدہ انٹری ٹیسٹ میں فول پروف انتظامات اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ، وائس چانسلر نمز

میڈیکل میں داخلےکے لیے منصفانہ اور شفاف طور پر منعقد کیا ہے۔ اتوار کو یہاں تین امتحانی مراکز کا دورہ کرنے کے بعد اپنی مختصر گفتگو میں وائس چانسلر نے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند وہ طلباء تھے جنہوں نے 65 فیصد نمبر حاصل کر کے فرسٹ ڈویژن حاصل کی ۔

بہت سخت مقابلے اور اعلیٰ میرٹ کی وجہ سے ہر 10 میں سے صرف ایک طالب علم کونمز اور اس سے ملحقہ کالجوں میں داخلہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری شعبہ کے میڈیکل کالجوں میں سے آرمی میڈیکل کالج وہ واحد ادارہ ہے جسے پاکستان میڈیکل کمیشن کی اے پلس رینکنگ حاصل ہے۔ نمز کے زیرانتظام اور اس کے ملحقہ میڈیکل کالجوں کے فارغ التحصیل ،

قومی اور بین الاقوامی سطح پر متاثر کن ریکارڈ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا کریڈٹ ان کالجوں کی انتظامیہ اور فیکلٹی کو جاتا ہے۔ انہوں نے پرو وائس چانسلر ایڈمنسٹریشن میجر جنرل عمار رضا ہمدانی (ریٹائرڈ) اور ان کی ٹیم کی فول پروف انتظامات کرنے ،

نمز کے تحت پورے ٹیسٹنگ سسٹم میں میرٹ ، شفافیت اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کی کوششوں کو سراہا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ گزشتہ سال نمز کی طرف سے ملک بھر میں انٹری ٹیسٹ کامیاب اور شفاف طور پر منعقد کیا گیا تھا جس کے باعث طلباء اور والدین نے نمز پر بھر پور اعتماد کیا۔

یہی وجہ ہے کہ نمز اور اس کے ملحقہ 13 میڈیکل اور 05 ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے درخواست دینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ نمز کے پرو وائس چانسلر اکیڈمکس میجر جنرل سلیم احمد خان (ریٹائرڈ) اور پرو وی سی ایڈمنسٹریشن میجر جنرل عمار رضا ہمدانی (ریٹائرڈ) نے انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کے لیے جڑواں شہروں میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔

کنٹرولر امتحانات بریگیڈیئر سیف اللہ بٹ (ریٹائرڈ) نے اپنے مختصر کلمات میں کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے ٹیمیں اور تربیت یافتہ نگرانی عملہ تعینات کیا گیا تھا جس نے انٹری ٹیسٹ کے پرامن اور سازماحول ماحول میں اختتام کو یقینی بنایا۔دریں اثناء ایم بی بی ایس/بی ڈی ایس سیشن 2021 کا انٹری ٹیسٹ چاروں صوبوں کے 19 مختلف شہروں ،

آزاد کشمیر ، اسلام آباد اور سعودی دارالحکومت ریاض کے تمام امتحانی مراکز میں اتوار کو کامیابی سے منعقد کیا گیا۔ یونیورسٹی رجسٹرار بریگیڈیئر (ر) محمد اظہر کے مطابق 76000 سے ز یادہ امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں اور وہ نمز کے زیرانتظام اور ملحقہ کالجوں میں 1775 نشستوں پر داخلوں کے لیے مقابلہ کررہے ہیں ان امیدواروں میں 48183 طالبات اور 28164 طلبہ نے داخلے کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔

رجسٹرار نے کہا کہ نمز انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان دو ہفتوں میں متوقع ہے۔ تمام کامیاب امیدواروں کے لیے پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کی طرف سے الگ طور پر لئے گئے نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ )میں کم از کم 65 فیصد نمبروں کے ساتھ پاس ہونا لازمی ہے۔