دبئی۔29جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے بینک ایمریٹس این بی ڈی نے 2024 میں 27.1 ارب درہم کا ریکارڈ قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے، جبکہ بینک کا خالص منافع 7 فیصد اضافے کے ساتھ 23 ارب درہم تک پہنچ گیا ۔
وام کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو جاری بیان میں بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 100 فلس فی شیئر ڈیویڈنڈ کی تجویز پیش کی۔
رپورٹ کے مطابق 2024 میں بینک کی کل آمدنی 44 ارب درہم سے تجاوز کر گئی، جو ڈیجیٹل بینکنگ اور برانچ نیٹ ورک میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔
کارپوریٹ قرضوں میں 10 فیصد اضافہ، جس میں 88 ارب درہم کے نئے قرضے دیے گئے، ریٹیل قرضوں میں 30 فیصد اضافہ جس کی وجہ سے "پرائیوریٹی اور پرائیویٹ بینکنگ” میں تیزی سے ترقی دیکھی گئی جبکہ جمع شدہ رقوم میں 82 ارب درہم کا اضافہ، جس میں 48 ارب درہم کرنٹ اور سیونگ اکاؤنٹس (CASA) میں جمع ہوئے۔
امارات این بی ڈی کے چیئرمین، شیخ احمد بن سعید المکتوم کے مطابق گروپ کی علاقائی کارپوریٹ موجودگی میں بہتری اور ویلتھ مینجمنٹ، پرائیوریٹی اور پرائیویٹ بینکنگ کے فروغ نے 2024 میں 27.1 ارب درہم کا ریکارڈ منافع حاصل کرنے میں مدد دی۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہم سعودی عرب میں 57 فیصد قرضہ جاتی نمو پر بے حد خوش ہیں، جو کہ 21 برانچز اور 62 خصوصی اے ٹی ایمز کے نیٹ ورک کی توسیع کے باعث ممکن ہوئی۔
شیخ احمد بن سعید المکتوم نے پیش گوئی کی کہ 2025 میں دبئی کا جی ڈی پی 5 فیصد تک بڑھے گا جس کی بڑی وجہ انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، ہاسپیٹیلٹی اور لاجسٹکس جیسے اہم شعبوں میں توسیع ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امارات این بی ڈی، متحدہ عرب امارات اور خطے کی ترقی کو مزید تقویت دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
امارات این بی ڈی کے نائب چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر، ہشام عبداللہ القاسم نے بتایا کہ 98 فیصد صارفین اب ڈیجیٹل طور پر بینکنگ سروسز حاصل کر رہے ہیں، جبکہ پرائیوریٹ اور پرائیوریٹی بینکنگ ایک وسیع پروڈکٹ رینج کے ساتھ ترقی پذیر طبقے کے لئے مزید پرکشش ہو گئی ہے۔