پشاور۔ 20 جون (اے پی پی):عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان غیر رسمی دورے پر ماسکو پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ایک اہم بین الاقوامی سیمینار میں شرکت اور خطاب کریں گے۔
اے ین پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیمینار کا موضوع مغربی ممالک کی جانب سے روس اور دیگر ممالک پر عائد پابندیوں کی پالیسی، یوکرین میں جاری تنازع کی وجوہات، روسی فیڈریشن کی جانب سے مسئلے کے پرامن حل کی کوششوں، اور روس-پاکستان تعلقات کے موجودہ ایجنڈے پر مبنی ہے۔
مرکزی صدر اے این پی ایمل ولی خان اپنے خطاب میں بین الاقوامی پابندیوں، یوکرین تنازع کے پس منظر، اور روس-پاکستان تعلقات کے حوالے سے مؤقف پیش کریں گے۔
ان کا یہ خطاب عالمی برادری کے ساتھ مثبت مکالمے، افہام و تفہیم اور خطے میں استحکام کے لیے اہمیت رکھتا ہے. یہ دورہ عوامی نیشنل پارٹی کے اس اصولی مؤقف کی عکاسی کرتا ہے کہ بین الاقوامی تنازعات کا حل صرف بات چیت، جمہوری رویوں اور سفارتی روابط کے ذریعے ممکن ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی عالمی سطح پر امن، رواداری اور عوامی خودمختاری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس قسم کی سفارتی سرگرمیوں کو مستقبل میں بھی اہمیت دیتی رہے گی۔